سُرخ روشنائی سے کے سی آر کی دستخط مرکز سے اظہار ناراضگی کا منفرد انداز

   

حیدرآباد۔/12جنوری، ( سیاست نیوز) مرکز اور تلنگانہ حکومت کے درمیان ٹکراؤ کی صورتحال کے دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم کو روانہ کردہ مکتوب پر سُرخ سیاہی سے دستخط کرتے ہوئے اپنی ناراضگی اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ کھاد کی قیمت کے مسئلہ پر آج وزیر اعظم کو مکتوب روانہ کیا گیا جس پر کے سی آر کے دستخط سُرخ سیاہی سے کئے گئے جو روایت سے انحراف ہے۔ عام طور پر چیف منسٹر کسی بھی مکتوب پر بلیو، بلاک یا پھر گرین سیاہی سے دستخط کرتے رہے ہیں۔ شاید یہ پہلا موقع ہے جب کے سی آر نے وزیر اعظم کے مکتوب پر سُرخ سیاہی سے دستخط کرتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے مرکزی حکومت نے کے سی آر کے خلاف جس طرح بی جے پی قائدین کو متحرک کردیا ہے اس سے چیف منسٹر ناراض ہیں۔ انہوں نے دھان کی خریدی اور کھاد کی قیمت میں اضافہ جیسے اُمور پر کھل کر مودی حکومت کے خلاف بیان جاری کیا۔ ٹکراؤ کے اس ماحول میں سُرخ سیاہی سے دستخط کرنا ماہرین کی نظر میں ناراضگی کا اظہار ہے۔ چیف منسٹر اپنے الفاظ ہی نہیں بلکہ دستخط سے بھی اظہار ناراضگی کررہے ہیں۔ر