سٹی کالج کے اعظم ہال اور لائبریری کی تزئین نو و آہک پاشی

   

حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی سے عنقریب کام کا آغاز : اروند کمار
حیدرآباد۔9۔مارچ۔(سیاست نیوز) سٹی کالج میں واقع اعظم ہال اور شہر حیدرآباد کی سب سے قدیم لائبریری کی تزئین نو و آہک پاشی کے کاموں کا حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی نگرانی میں آغاز کیا جائے گا۔ مسٹر اروند کمار اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق نے آج کئے گئے ایک ٹوئیٹ میں اس بات کا اعلان کیا اور کہا کہ سٹی کالج میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے دوران انہوں نے معروف اعظم ہال اور قدیم لائبریری کا مشاہدہ کیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرانے شہر میں موجود اس تاریخی کالج میں موجود اعظم ہال اور لائبریری کی تزئین نو و آہک پاشی کے کاموں کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مسٹر اروند کمار کے دورہ کالج کے دوران کالج انتظامیہ نے ان کی توجہ اس جانب مبذول کرواتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے کالج کی عمارت اور کالج میں موجود اعظم ہال اور لائبریری کے تحفظ کے اقدامات کی خواہش کی جس پر مسٹر اروند کمار نے اعظم ہال اور لائبریری کا مشاہدہ کرنے کے بعد فوری طور پر اس بات کا اعلان کیا کہ سٹی کالج کی عمارت میں موجود اعظم ہال و لائبریری کی تزئین نو کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت شہر کے مختلف مقامات پر موجود تہذیبی ورثہ کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کر رہی ہے اورسٹی کالج کی اس تاریخی عمارت کے تحفظ اور اس کی تزئین کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔سٹی کالج شہر کے ان سرکردہ کالجس میں شمار کیا جاتا ہے جہاں سے تعلیم حاصل کرنے والی کئی ایک اہم شخصیات ہیں اور اس عمارت کا جہاں سٹی کالج موجود ہے 1921 سے تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ ابتداء میں آصف سابع نواب میر عثمان علی خان نے مدرسہ دارالعلوم کو جو کہ 1865 میں قائم کیا گیا تھا اسے 1921میں جامعہ عثمانیہ کے ایف ۔اے انٹرمیڈیٹ کورس کے ساتھ سٹی کالج کی موجودہ عمارت میں منتقل کیا تھا۔ م