سپرنٹنڈنٹس آف پولیس تبادلوں پر ناراض

   

وائی ایس آر کانگریس کے بے بنیاد الزامات ، مرکزی الیکشن کمیشن و اسٹیٹ چیف الیکٹورل آفیسرس پر ناراضگی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کے اضلاع سریکاکلم و کڑپہ کے ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس مسٹر وینکٹ رتنم اور راہول دیو شرما نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کے غلط و بے بنیاد الزامات پر کسی وضاحت طلبی کے بغیر اچانک مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے تبادلہ کردئیے جانے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور دونوں ہی ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس نے مرکزی الیکشن کمیشن اور ریاستی چیف الکٹورل آفیسر آندھرا پردیش کو اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا احتجاجی مکتوب تحریر کر کے روانہ کیا اور اس مکتوب میں دونوں سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے اچانک تبادلے کرنے کے فیصلہ پر اپنا شدید اعتراض کیا ہے اور ان دونوں آئی پی ایس عہدیداروں کے خلاف عائد کردہ الزامات کو ثابت کر دکھانے یا بصورت دیگر الزامات عائد کرتے ہوئے کی گئی شکایتوں پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مرکزی الیکشن کمیشن و ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر آندھرا پردیش سے پر زور مطالبہ کیا ۔ جب کہ مسٹر وینکٹ رتنم سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سریکاکلم نے اپنے مکتوب میں یہاں تک تحریر کیا کہ گذشتہ 30 سال سے محکمہ پولیس میں اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے شریفانہ طرز زندگی گزار رہے ہیں اور آج تک بھی ان کے تعلق سے کسی کو کوئی شکایت نہ رہنے اور کوئی بھی الزام ان کے خلاف عائد نہیں کیاگیا ۔ لیکن اب اچانک ان پر مختلف الزامات عائد کر کے کی گئی شکایت پر اچانک تبادلہ کردئیے جانے کی وجہ سے دوست احباب ، عزیز اقارب ، افراد خاندان کے ساتھ ساتھ عوام کے روبرو ان کی مکمل بے عزتی و توہین ہوئی ہے ۔ لہذا ان کے تعلق سے کی گئی شکایتوں اور عائد کردہ الزامات کو ثابت کر دکھانے کا مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر مجھ پر غلط الزامات عائد کرنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد مسٹر وجئے سائی ریڈی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ غلط الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے اور ہتک عزت و ہرجانہ کا مقدمہ درج کروانے کا بھی دونوں آئی پی ایس عہدیداروں نے اپنے مکتوب میں واضح طور پر اظہار کرنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔۔