سپریم کورٹ میں ناگم جناردھن ریڈی کی درخواست مسترد

   

پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ میں بھاری بے قاعدگیوں کی شکایت
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ میں مبینہ بے قاعدگیوں کی سی بی آئی تحقیقات کے لئے سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو نامنظور کردیا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ وہ اس سلسلہ میں ہائی کورٹ کے احکامات میں مداخلت نہیں کرے گا ۔ پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم میں میگھا کمپنی کی جانب سے ایک ہزار کروڑ کی بے قاعدگیوں کی شکایت کرتے ہوئے ناگم جناردھن ریڈی نے اسپیشل لیو پٹیشن دائر کی۔ انہوں نے اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کی ہدایت دینے کی درخواست کی۔ جسٹس بی وی ناگا رتنا اور جسٹس ستیش چندر شرما پر مشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ ناگم جناردھن ریڈی کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے بحث کی اور کہا کہ پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں جس کے نتیجہ میں سرکاری خزانہ کو 2426 کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ حکومت نے پمپ سیٹس اور موٹر کی تنصیب کے علاوہ سرنگ کی تعمیر کیلئے جو معاہدہ کیا تھا، میگھا کمپنی نے اس کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجہ میں عوامی رقومات ضائع ہوئی ہیں۔ میگھا کمپنی کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی پیش ہوئے اور سپریم کورٹ کو بتایا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسی طرح کی پانچ درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کے سلسلہ میں کوئی بے قاعدگی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں پراجکٹ کے سلسلہ میں کوئی اعتراض نہیں کیا جبکہ درخواست گزار غیر مصدقہ دستاویزات کی بنیاد پر تحقیقات کی مانگ کر رہے ہیں۔ فریقین کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے سی بی آئی تحقیقات کی ہدایت دینے سے انکار کیا اور جناردھن ریڈی کی درخواست کو مسترد کردیا۔1