ارکان کی نااہلیت پر 10 جنوری تک فیصلہ سنائیں
نئی دہلی؍ممبئی: مہاراشٹرا کی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے مہاراشٹرا اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے گروپ کے شیوسینا اراکین اسمبلی کی نااہلیت سے متعلق عرضی پر فیصلہ کے لیے مزید کچھ وقت دے دیا ہے، لیکن یہ اضافہ صرف 10 دنوں کا ہے۔ یعنی پہلے جو سپریم کورٹ نے مہاراشٹرا اسمبلی اسپیکر کو 31 دسمبر تک کا وقت دیا تھا، اب اسے بڑھا کر 10 جنوری تک کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 17 اکتوبر کو نارویکر کو شیوسینا پارٹی میں تقسیم کے بعد ایک دوسرے کے اراکین اسمبلی کو نااہل ٹھہرانے کا مطالبہ کرنے والی شیوسینا گروپوں کے ذریعہ داخل عرضیوں پر فیصلہ لینے کے لیے وقت دیا تھا۔عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ نااہلیت کی عرضیوں پر جلد از جلد فیصلہ آنا چاہیے، جس کے بعد سماعت 30 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔ پھر 30 اکتوبر کو سماعت ہوئی اور اس میں اراکین اسمبلی کی نااہلیت پر فیصلہ لینے کیلئے مہاراشٹرا اسمبلی اسپیکر کو 31 دسمبر تک کا وقت دیا گیا تھا۔