سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک

,

   

مندر سے واپسی کے دوران لاری نے کار کو روند ڈالا ، کار ڈرائیور شدید زخمی
حیدرآباد ۔8جولائی ( سیاست نیوز ) حیدرآباد ، نلگنڈہ اور رنگاریڈی کی اہم شاہراہ پر ان دنوں خوفناک سڑک حادثات پیش آرہے ہیں ۔ جس میں مسافرین و معصوم افراد کی جانیں ضائع ہورہی ہیں ۔ ان سڑک حادثات کی اہم وجوہات یہ ہیں کہ سڑکوں کی مرمت کا کام ادھورا چھوڑ دیئے جانے اور اہم شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس کے نہ ہونے کی وجہ سے رات کے اوقات میں ایک ہی رات میں سینکڑوں لاریاں اضلاع سے شہر کیلئے روانہ ہوتے ہیں ۔ مزید ستم ظریفی یہ ہے کہ اکثر ڈرائیورس حالت نشہ میں ہوتے ہیس جس کے نتیجہ میں بھیانک سڑک حادثات پیش آرہے ہیں ۔ ایسے ہی ایک خوفناک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب وہ سری سیلم مندر میں پوجا کے بعد آبائی ضلع ورنگل واپس ہورہے تھے کہ اچانک رنگاریڈی ضلع کے آمنگل کے چوراہے پر ایک تیز رفتار لاری نے انوا کار کو بری طرح روند دیا جس سے کار کے پرخچے اُڑ گئے اور کار میں سوار ضلع ورنگل متھواڑہ پولیس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹبل درگا پرساد عمر 40 سال ان کی اہلیہ 35سال ، فرزند 16سالہ شانتی ، 35سالہ راجو ، 26سالہ شاردا برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ آج دوپہر پیش آیا ۔ اس موقع پر ٹریفک درہم برہم ہوگئی ۔ مقامی افراد فوری طور پر مدد کیلئے پہنچے جس کے بعد تمام نعشوں کو پنچنامہ کے بعد ضلع ورنگل منتقل کردیا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی درگا پرساد کے گھر میں سوگ کا ماحول پیدا ہوگیا جہاں اس کے ساتھی پولیس عہدیدار نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔