سڑک حادثہ میں سافٹ ویر انجینئر ہلاک

   

حیدرآباد /23 جولائی (سیاست نیوز) گھٹکیسر پولیس حدود میں کل رات دیر گئے ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں سافٹ ویئر انجنیئر ہلاک ہوگیا ۔ 28 سالہ سورج ساکن شیواریڈی گوڑہ نے دو دن قبل اپنے دوست کی کار حاصل کی تھی ۔وہ کل رات کار لوٹاکر موٹر سائیکل پر مکان واپس لوٹ رہا تھا کہ گھٹکیسر مادھوا ریڈی کے قریب موٹر سائیکل کا توازن کھوکر وہ گاڑی سے گرپڑا اور برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ اس حادثہ کے بعد مقامی عوام نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس ٹیم نے وہاں پہنچ کر متوفی نوجوان کے موبائیل فون کے ذریعہ اس کے والدین کو اطلاع دی اور بعد ازاں نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔