سڑک حادثہ میں ہلاک خاتون کے ورثا کو9 کروڑ ادا کرنے سپریم کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد۔/12 فروری، ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے آندھرا پردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ 2009 میں آر ٹی سی بس کی ٹکر سے ہلاک خاتون کے پسماندگان کو 9 کروڑ 64 لاکھ 52 ہزار 220 روپئے بطور معاوضہ ادا کرے۔ جسٹس سنجے کرول اور جسٹس پرشانت کمار مشرا پر مشتمل بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ امریکہ میں مقیم کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرس ڈگری کی حامل این لکشمی اپنے شوہر اور دو لڑکیوں کے ساتھ کار میں 13 جون 2009 کو سفر کررہی تھیں۔ آندھرا پردیش کے اناورم کے قریب اے پی ایس آر ٹی سی کی بس نے کار کو ٹکر دے دی جس میں وہ ہلاک ہوگئی۔ لکشمی کی امریکہ میں ماہانہ آمدنی 11600 ڈالر تھی۔ خاتون کے شوہر نے سکندرآباد موٹر ایکسیڈنٹ کلیم ٹریبونل میں 9 کروڑ روپئے معاوضہ کا مقدمہ دائر کیا تھا ۔ ٹریبونل نے معاوضہ کے طور پر8.05 کروڑ کی منظوری دی تھی۔ اے پی ایس آر ٹی سی نے ٹریبونل کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جس پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے رقم گھٹا کر 5.75 کروڑ کردی تھی۔ شوہر نے ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی جہاںڈیویژن بنچ نے ٹریبونل کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے 9 کروڑ 64 لاکھ 52 ہزار 220 روپئے بطور معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت دی۔1