سکریٹریٹ میں داخلہ کیلئے ای پاس سسٹم متعارف

   

موبائیل فون پر کیو آر کوڈ کے ذریعہ داخلہ ممکن ہوگا
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ میں مختلف کاموں کیلئے پہنچنے والے وزیٹرس کو ای پاس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی سے اس سلسلہ میں خصوصی سافٹ ویر تیار کیا گیا۔ اس پورٹل پر وزیٹرس کی تمام تفصیلات درج کی جائیں گی اور سافٹ ویر کے ذریعہ متعلقہ شخص کو اسمارٹ فون پر کیو آر کوڈ وصول ہوگا۔ سکریٹریٹ میں داخلہ سے قبل وزیٹرس کو انٹری گیٹ پر کیو آر کوڈ دکھانا ہوگا جس کے بعد سیکوریٹی عملہ ضروری جانچ اور تلاشی کے بعد داخلہ کی اجازت دے گا۔ عصری سسٹم کے ذریعہ وزیٹرس کو صرف مقررہ وقت میں داخلہ کی اجازت رہے گی۔ سکریٹریٹ کی سیکوریٹی میں اضافہ کیلئے نیا سسٹم متعارف کیا گیا ۔ وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کی پیشی میں پورٹل سے متعلق یوزر آئی ڈی اینڈ پاس ورڈ دیا جائے گا۔ پورٹل میں لاگ ان کے بعد پیشی کو آنے والے افراد کا نام، پتہ، آدھار کارڈ نمبر اور فون نمبر درج کرنا ہوگا جس کے بعد وزیٹر کو فون پر کیو آر کوڈ حاصل ہوگا جس کی مدد سے وہ سکریٹریٹ میں داخل ہوسکتے ہیں۔ داخلہ کے اوقات سہ پہر 3 تا شام 5 بجے رہیں گے۔ فی الوقت وزیٹرس کو رسپشن سنٹر کے ذریعہ آدھار کارڈ پیش کرنے پر پاس جاری کئے جاتے ہیں اکثر دیکھا گیا کہ پیشی سے فون کراکر کئی افراد صبح سے ہی سکریٹریٹ میں داخل ہو رہے ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیوں کو روکنے ای پاس سسٹم کو نافذ کیا جارہا ہے۔ تجرباتی طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہیلت اور ایجوکیشن کے وزراء کی پیشی میں عمل کیا جارہا ہے۔ نئے سسٹم سے ہر پیشی میں آنے والے وزیٹرس کی تعداد اور ان کی تفصیلات محفوظ ہو جائیں گی۔ 1