سکریٹریٹ کی انہدامی کے مقدمہ کی سماعت پیر تک ملتوی

   

صرف 7 سال قبل تعمیر شدہ ایچ بلاک کی انہدامی کی وجہ کیا ہے، حکومت سے عدالت کا سوال
حیدرآباد۔16اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سکریٹریٹ انہدام کے سلسلہ میں زیر دوراں مقدمہ کی سماعت 21اکٹوبر تک کیلئے ملتوی کردی ہے اور حکومت سے استفسار کیا کہ 7سال قبل تعمیر کردہ ایچ بلاک کو حکومت کیوں منہدم کرنا چاہتی ہے!عدالت کی جانب سے کئے گئے استفسار پر حکومت نے یہ استدلال پیش کیا کہ حکومت کے پالیسی ساز فیصلوں میں مداخلت نہیں کرسکتی اور نہ ہی ایسا کیا جانا چاہئے ۔ عدالت نے اس استدلال پر درخواست گذار سے استفسار کیا کہ وہ کیوں عدالت سے رجوع ہوئے ہیں اس بات سے عدالت کو واقف کروائیں تاکہ حکومت کو اس حقیقت سے آگاہ ہوجائے کہ کیوں مقدمہ کی سماعت جاری ہے۔ ہائی کورٹ نے سیکریٹریٹ کے انہدام کو زیر التواء رکھتے ہوئے جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ہدایت دے رکھی ہے اور آج مقدمہ کی سماعت کے دوران عدالت نے حکومت کی جانب سے پیش کی گئی تکنیکی کمیٹی کی رپورٹ کے حوالہ سے استفسار کیا کہ کیوں 7سال قبل تعمیر کی گئی عمارت کو منہدم کیا جا رہا ہے!حکومت نے تکنیکی کمیٹی کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں یہ دعوی کیا ہے کہ سیکریٹریٹ میں موجود عمارتیں مخدوش ہیں اسی لئے حکومت کی جانب سے عصری سہولتوں سے لیس نئی عمارت کی تعمیرکا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور یہ حکومت کا پالیسی ساز فیصلہ ہے۔