سکھویندر سنگھ چیف منسٹر‘ مکیش اگنی ہوتری ڈپٹی چیف منسٹر

,

   

ہماچل پردیش کیلئے کانگریس ہائی کمان کا فیصلہ ‘ آج حلف برداری تقریب

شملہ : ہماچل پردیش کا چیف منسٹر کون ہوگا؟ اس پر تجسس بلآخر ختم ہوگیا ہے ۔شملہ میں آج شام منعقدہ کانگریس مقننہ پارٹی اجلاس میں چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش بگھیل نے بتا یا کہ سکھویندر سنگھ سککھو ہماچل پردیش کے نئے چیف منسٹر اور مکیش اگنی ہوتری ڈپٹی چیف منسٹر ہونگے ۔ اجلاس میں انہوں نے بتا یا کہ کانگریس ہائی کمان نے ان ناموں کو منظوری دی ہے ۔بھوپیش بگھیل نے بتا یا کہ حلف برداری تقریب اتوار کو 11بجے دن منعقد ہوگی ۔ کل پارٹی کے نو منتخبہ ارکان اسمبلی نے اپنے اجلاس میں ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے چیف منسٹر کے انتخاب کا اختیار ہائی کمان کو دیا تھا ۔قبل ازیں اسمبلی انتخابات جیتنے کے بعد اب اس بات پر کانگریس میں تنازعہ ہوگیا تھا کہ ہماچل پردیش کا نیا چیف منسٹر کو ن ہوگا ؟ چیف منسٹرعہدہ کی دوڑ میں تین نام شامل تھے ۔ ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ پرتیبھا سنگھ ، کانگریس رکن اسمبلی سکھویندر سنگھ سککھو اور رکن اسمبلی مکیش اگنی ہوتری ، تینوں وزیر اعلی اس عہدہ کیلئے اپنا دعوی کررہے تھے۔ پرتیبھا سنگھ کے حامی تو آبزرور بھوپیش بگھیل کے سامنے ہنگامہ بھی کرچکے تھے۔ پرتیبھا سنگھ بھی یہ کہہ چکی تھیں کہ یہ الیکشن سابق وزیر اعلی اور ان کے آنجہانی شوہر ویربھدر سنگھ کے نام پر لڑا گیا، اس لئے پارٹی ان کے اہل خانہ کو نظر انداز نہیں کرسکتی ہے۔ کل کی میٹنگ کے بعد ہماچل پردیش کے انجارچ راجیو شکلا نے کہا کہ لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں تمام 40 ارکان نے شرکت کی اور تمام نے آپسی رضامندی سے کہا کہ ہائی کمان ہی وزیر اعلی کا انتخاب کرے گا۔ میڈیا میں گردش کررہی وہ خبریں پوری طرح سے غلط ہیں، جس میں کہا جارہا ہے کہ پارٹی میں گروپ بندی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے کانگریس نے گورنر کو ایک مکتوب اور 40 ارکان اسمبلی کی فہرست سونپ دی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے پاس حکومت سازی کیلئے اکثریت ہے۔