کچن میں واقعہ ۔ تین گھنٹوں بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔ متصل ایریا ہاسپٹل کے مریضوں میں بھی خوف کی لہر
حیدرآباد 6 جنوری (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ ملک پیٹ میں واقع ہوٹل سہیل کے کچن میں پکوان گیس کے اخراج کے سبب آج اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجہ میں ایک ہوٹل ملازم ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو 4 بجے شام سہیل ہوٹل میں اچانک آگ لگ گئی اور وہاں پر موجود گاہک اور ہوٹل ملازمین میں دہشت پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ گیس سیلنڈر سے پکوان گیاس کے اخراج کے نتیجہ میں اچانک آگ لگنے کا یہ واقعہ پیش آیا اور باورچی خانہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کثیف دھواں نکلنے کے نتیجہ میں ہوٹل سے متصل ایریا ہاسپٹل (پولیس ہاسپٹل) میں موجود مریضوں میں بھی خوف کی لہر دوڑ گئی اور اُنھیں محفوظ وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔ آتشزدگی کی اطلاع پر 2 فائر انجن پہونچ گئے، آگ بجھانے کا کام شروع کردیا۔ تقریباً 3 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا لیکن اِس آپریشن کے مکمل ہونے کے بعد باورچی خانہ کے عقبی علاقہ میں ایک نعش دستیاب ہوئی جس کی شناخت 34 سالہ محمد شہاب الدین ساکن چھاؤنی جو پارسل سیکشن میں کام کرتا تھا کی حیثیت سے کی گئی۔ چادرگھاٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وائی پرکاش ریڈی اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہونچ گئے اور نعش بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ آگ لگنے کے نتیجہ میں ہوٹل سے کثیف دھواں نکل رہا تھا اور اِس منظر کو دیکھنے کیلئے ہجوم جمع ہوگیا جس کے نتیجہ میں دو گھنٹے تک ٹریفک جام رہی۔ ملک پیٹ ٹریفک عملہ کو بھی جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا اور ٹریفک کو بحال کرنے کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر سرینواس ریڈی نے بتایا کہ ہوٹل کا کچن L طرز کا ہونے کے نتیجہ میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔ محمد شہاب الدین کی موت سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ راحت کاری کاموں کے دوران ہوٹل ملازم باورچی خانہ میں پھنسنے سے لاعلم رہے اور دھوئیں سے دم گھٹنے کے نتیجہ میں اُس کی موت واقع ہوئی۔ ہوٹل سہیل شہر کی ایک مشہور ہوٹل ہے اور جمعہ ہونے کے نتیجہ میں ہوٹل میں کثیر تعداد میں گاہک موجود تھے۔ واقعہ کے بعد گاہک بشمول خواتین و بچے وہاں سے فوراً نکل گئے۔ پولیس چادر گھاٹ نے ایک مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہیں۔ ب