بیرونی زرمبادلہ اور روزگار کے نئے مواقع، ٹاپ 10 ممالک میں ہندوستان شامل
حیدرآباد ۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سیاحت کے ذریعہ عالمی سطح پر معیشت کی ترقی کے علاوہ روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری میں اضافہ کا رجحان ہے۔ بیرونی زر مبادلہ کا اہم ذریعہ سیاحت کا شعبہ ہے۔ دنیا کے اہم ممالک نے سیاحت کے فروغ کے ذریعہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کی مساعی کر رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں سیاحت کے فروغ کا مختلف شعبہ جات میں روزگار کے نئے مواقع پر اثر پڑا ہے اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بھی سیاحت کے شعبہ کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔ ٹورازم اکنامی کے فروغ میں امریکہ دنیا میں سرفہرست ہے ۔ ا یک سروے کے مطابق امریکہ میں ہر سال سیاحت کے ذریعہ 3.2 ٹریلین ڈالر کی آمدنی حاصل ہوتی ہے جو امریکی معیشت میں اہم حصہ ہے۔ چین نے 1.3 ٹریلین ڈالر ٹورازم اکنامی کے ذریعہ دنیا میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ سیاحت کے ذریعہ معیشت کے استحکام کے ضمن میں اقدامات کرنے والے ٹاپ 10 ممالک کی نشاندہی کی گئی جن میں ہندوستان آٹھویں نمبر پر ہے۔ امریکہ ، چین ، جرمنی ، جاپان ، برطانیہ اور فرانس نے ٹورازم اکنامی کے استحکام کیلئے سیاحوں کو ویزا کی اجرائی اور دیگر امور میں مراعات کا فیصلہ کیا ہے۔ اندرون ملک سیاحت کے علاوہ بیرونی سیاحوں کی آمد میں اضافہ کیلئے حکومتوں نے سیاحتی مقامات کو نہ صرف ترقی دی بلکہ انفراسٹرکچر سہولتوں میں اضافہ کیا۔ ہندوستان میں حالیہ برسوں میں بیرونی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہواہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے ذریعہ نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو بڑھاوا ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔1/k/m/b