سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی مدد سے متاثرہ تاجرین کے کاروبار کا دوبارہ آغاز

,

   

دہلی فسادات متاثرین کی مدد
سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی مدد سے متاثرہ تاجرین کے کاروبار کا دوبارہ آغاز
جناب زاہد علی خاں، جناب افتخار حسین اور عطیہ دہندگان سے اظہارتشکر، ہمدردان ملت کے حق میں دعا

حیدرآباد: جاریہ سال فروری میں دارالحکومت دہلی میں ایک منظم سازش کے تحت مسلم کش فسادات برپا کئے گئے جس میں 53 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوئے جبکہ 350 زخمی ہوئے۔ فائر سرویسس کی رپورٹ پر اگر بھروسہ کیا جائے تو فرقہ پرستوں نے 79 مکانات، 52 دکانات، 5 گوداموں، 4 مساجد، 3 فیکٹریوں اور 2 اسکولوں کو نذرآتش کیا لیکن دوسری رپورٹس کے مطابق فرقہ پرست درندوں نے حکومت، مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور پولیس کی بے حسی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 122 مکانات، 322 شاپس، 301 گاڑیاں نذرآتش کیں۔ دہلی اقلیتی کمیشن اور حقوق انسانی کی دیگر تنظیموں نے ان فسادات کی تحقیقات کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ اس کیلئے کپل مشرا، انوراگ ٹھاکر، امیت شاہ وغیرہ کے اشتعال انگیز بیانات فسادات کے ذمہ دار رہے۔ ایک بات ضرور ہیکہ ان فسادات نے خاص طور پر مسلم تاجرین کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ بے شمار خاندان راتوں رات امیر سے غریب ہوگئے۔ ان حالات میں ان پریشان حال مسلمانوں کی مدد کیلئے حیدرآباد سے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے آواز دی اور دونوں تنظیموں نے لاکھوں روپئے کی امداد کرتے ہوئے تباہ حال مسلمانوں کی مدد کا آغاز کیا۔ اس ضمن میں ہمارے بعض ہندو تاجرین کی بھی مدد کی گئی نتیجہ میں کئی متاثرین نے اپنے کاروبار یا تجارت کا دوبارہ آغاز کردیا ہے جن میں جوتے، چپلوں، ملبوسات اور دیگر اشیاء کے تاجرین شامل ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم اور حضوراکرمؐ کے صدقہ میں ان تباہ حال تاجرین نے اپنی زندگی کی ازسرنو شروعات کی ہے۔ اس ضمن میں عادل، فرید، عباس علی، شفیع، نظام الدین، ظہیر، پرویز، پردیپ کمار اور معین الدین جیسے تاجرین کی مثالیں دی جاسکتی ہیں جنہوں نے اپنا کاروبار دوبارہ شروع کیا ہے۔ یہ تاجرین نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کا بطور خاص شکریہ ادا کیا ہے۔ تاہم ایڈیٹر سیاست اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے واضح طور پر ان تاجرین سے کہا ہیکہ اللہ کا شکر ادا کریں اور ان عطیات دہندگان کا شکریہ ادا کریں جنہوں نے گرانقدر عطیات دیتے ہوئے انسانیت کی خدمت و مدد کا فرض ادا کیا ہے۔ واضح رہیکہ ملت فنڈ نے 31,54000 اور فیض عام ٹرسٹ نے 16,97000 روپئے متاثرہ تاجرین میں تقسیم کئے تھے اور ان رقومات کی RTGS آئی ایف سی کوڈس کے ذریعہ متاثرہ تاجرین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقلی عمل میں آئی۔ بہرحال جہاں ان متاثرہ تاجرین کی زبانوں پر سیاست ملت فنڈ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان، فیض عام ٹرسٹ اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین و عطیہ دہندگان کیلئے دعائیں ہیں وہیں انہیں امید ہیکہ وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں گے۔ بہرحال اس امداد اور تاجرین کی بحالی سے متعلق جلد ہی ایک اور تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔