سیاست ٹی وی پر آج ’’حیدرآبادی ستارے‘‘ شو

   

حیدرآباد کی نامور تھیٹر آرٹسٹ محترمہ نور بیگ کا انٹرویو
حیدرآباد۔ 4 مارچ (سیاست نیوز) سیاست ٹی وی سے ٹیلی کاسٹ کیا جانے والا ہفتہ واری خصوصی پروگرام ’’حیدرآبادی ستارے‘‘ سرزمین دکن کے نامور اداکاروں و فنکاروں کے انٹرویوز کے باعث مقبولیت کی بلندی پر پہنچ چکا ہے اور دو سال کے عرصہ میں 100 سے زائد ایپی سوڈ ٹیلی کاسٹ کئے جاچکے ہیں۔ شائقین ہر اتوار کو ٹیلی کاسٹ کئے جانے والے اس پروگرام کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں اور وہ سیاست ٹی وی کے علاوہ بیرونی ممالک کے ناظرین یوٹیوب چیانل اور سیاست فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعہ اس شو کا مشاہدہ کرتے ہیں چنانچہ اتوار 5 مارچ رات 9:30 بجے حیدرآباد کے نامور تھیٹر آرٹسٹ نور بیگ کا انٹرویو شامل کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ نور بیگ صاحبہ 2013ء سے قادر علی بیگ تھیٹر فاؤنڈیشن سے پلے رائٹر و اداکارہ اور وائس پریسیڈنٹ کی حیثیت سے جڑی ہوئی ہیں اور وہ مشہور تھیٹر شخصیت پدم شری محمد علی بیگ کی اہلیہ ہیں۔ وہ مدراس سے ویژل کمیونکیشنس اورفارن ریلیشنس میں گولڈ میڈلسٹ اور ماسٹرس کی ڈگری حاصل کرچکی ہیں ۔ ان کے کیریئر کی شروعات آسٹریلین کاؤنسلیٹ سے ہوئی۔ ان کے لکھے ہوئے ڈرامے جیسے ’’قلی دِلوں کا شہزادہ‘‘ ، ’’سوانح حیات‘‘ ۔’’ اسپیسیس الون‘‘ اور کئی دوسرے پلے بیرونی ممالک جیسے امریکہ ، کینیڈا اور ترکی میں پیش کئے جاچکے ہیں اور انہیں ایک خصوصی اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ اُن کے ڈرامے آکسفورڈ یونیورسٹی یو کے اور اڈنبرا فیسٹیول اسکاٹ لینڈ میں بھی پیش کئے جاچکے ہیں۔
وہ اپنے مرحوم خسر قادر علی بیگ کے ورثے کو آگے بڑھا نے میں مصروف ہیں۔ گفتگوکے دوران تھیٹر اور تھیٹر کے تاثرات ، سماج سے جڑے ہوئے اور نجی زندگی کی باتیں بھی بتائی۔ شو کے اینکر کے بی جانی، ڈائریکٹر زاہد فاروقی اور جناب عامر علی خاں پروڈیوسر سی ای او ہیں۔ دوبارہ یہ پروگرام منگل 11بجے صبح اور جمعرات دوپہر 3 بجے سیاست ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ ہوگا۔