سیاست ٹی وی کے کامیاب تین سال

   

عوام میں دینی و دنیوی شعور بیدار کرنے والے پروگرامس کی پیشکشی

سیاست فیچر
سارا ملک آج 75 واں جشن یوم آزادی بڑے دھوم دھام، تزک و احتشام سے منارہا ہے۔ سیاست فیملی کیلئے جہاں یوم آزادی خوشی و مسرت کا باعث ہے وہیں روزنامہ سیاست بھی اپنی 75 ویں سالگرہ منارہا ہے۔ دوسری طرف مظلوموں اور کمزوروں کی آواز یعنی سیاست ٹی وی کی بھی آج تیسری سالگرہ ہے۔ پچھلے تین برسوں کے دوران سیاست ٹی وی نے جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی و رہنمائی اور اپنے سی ای او جناب عامر علی خاں کی قیادت میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کیں اور لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لی۔ سیاست ٹی وی نے عوام کو نہ صرف تفریحی و تعلیمی، سیاسی و ادبی، دینی و علمی، سائنسی و سماجی پروگرامس سے محظوظ نہیں کیا بلکہ ملت کا حقیقی ترجمان، کمزوروں کی طاقت اور بے بس و مجبوروں کی آواز بن کر ابھرا، جس کیلئے بارگاہ رب العزت میں جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ اگرچہ عوام کی اس آواز کو دبانے کیلئے بدمعاشوں کی بدمعاشیاں بھی کیں اور حسد کی آگ میں جلتے رہے۔ انسانیت کے دشمنوں نے عوامی مسائل کو منظرعام پر آنے سے روکنے کی لاکھ کوشش کی لیکن سیاست ٹی وی نے اپنی بیباکی، غیرجانبداری اور دیانتداری کے ذریعہ ناظرین میں ایک علحدہ و منفرد جگہ بنائی۔ جہاں تک سیاست ٹی وی کے پروگرامس و نشریات کا سوال ہے اس کا آغاز صبح 5 بجے سے قرأت کلام پاک کے ساتھ ہوجاتا ہے۔ خاص طور پر 30 ویں پارے کا ترجمہ پیش کیا جات ہے اور صبح 8 بجے تک اسلامی پروگرامس کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور پھر 8 بجے سے 10 بجے تک خبریں نشر کی جاتی ہیں۔ نیوز ایڈیٹر سیاست و سی ای او سیاست ٹی وی جناب عامر علی خان کا خصوصی پروگرام ’’عامر علی خاں کے ساتھ فکرونظر‘‘ ناظرین کا پسندیدہ پروگرام بن گیا ہے۔ جس میں حالات حاضرہ، ہندوستان اور مسلمانوں کو درپیش مسائل، اقلیتوں و دلتوں کے حقوق پر بڑی بیباکی سے تبصرہ کیا جاتا ہے۔ ہر روز اہم خبروں پر تبصرہ کے پروگرام خبروخیال میں محمد ریاض احمد، محمد نعیم وجاہت، سید سجاد الحسنین کے ساتھ ساتھ محمد صدیق ناظرین کو ملک کے گردوبیش میں واقع ہونے والے واقعات سیاسی تبدیلیوں، جرائم و حادثات، ملی و قومی مسائل سے بڑے بیباکانہ انداز میں واقف کرواتے ہیں۔ قانون کی آواز، آمنے سامنے اور ڈاکٹر سے ملاقات پروگرامس محمد ریاض احمد کی اینکرنگ میں پیش کئے جاتے ہیں جبکہ خیرالدین بیگ جانی حیدرآبادی ستارے پروگرام کے ذریعہ ممتاز فلمی شخصیتوں، یوٹیوبرس، مزاح نگاروں، فنکاروں، موسیقاروں (ستار نواز، طبلہ نواز، وائلن پلیئر ، رباب کے ماہرین فن اور مشہور و معروف قوالوں کو پیش کرتے ہیں۔ خاص طور پر نوجوان فنکاروں کی اس پروگرام کے ذریعہ حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ حیدرآبادی ستارے دراصل نوجوان باصلاحیت فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اسلامی پروگرامس مولانا جاوید ہاشمی، مولانا شاہد ہاشمی، مولانا نذیر صاحب، حبیب محمد بن عبداللہ رفیع المرغنی، مولانا سید زبیرالہاشمی نظامی استاد جامعہ نظامیہ پیش کرتے ہیں۔ محمد جسیم الدین نظامی ’’ہم اور ہمارا معاشرہ‘‘ پروگرام کے ساتھ پیش ہورہے ہیں۔ اسی طرح محمد ریاض احمد کا ’’ہندوستان میں مسلمان‘‘ بھی پیش کیا جارہا ہے۔ قصص الانبیاء، نامی پروگرام اکبر علی خاں پیش کرنے والے ہیں۔ سیاست ٹی وی کا ایک اور مقبول پروگرام کیریئر گائیڈنس اور کونسلنگ کا ہے جس کے اینکر محمد منیر اور مہمان ممتاز ماہر تعلیم جناب ایم اے حمید ہیں۔ اسپرنٹ فار اسپرٹ، ٹائم اب بدلے گا محمد منیر کی اینکرنگ میں یپش کیا جارہا ہے۔ مزاحیہ مشاعرہ کے اینکر منور علی مختصر ہیں۔ کے بی جانی اور شیخ بشریٰ کی اینکر نگ میں بزم غزل پروگرام پیش کیا جارہا ہے جس میں اہم شعراء کا کلام شعیب ثاقب کی آواز اور طبلہ نواز جاوید کی سنگت میں مشہور و معروف شعراء کا کلام پیش کیا جائے ۔ جناب مجیب الرحمن مقدس کا پروگرام زندگی بندگی بھی نشر کیاجارہا ہے ۔ سید اسمعیل ذبیح اللہ کا پروگرام ’’غیر معمولی‘‘ میں ناظرین غیر معمولی واقعات دیکھ سکتے ہیں۔ محمد شوکت اللہ اکسپریس نیوز پیش کرتے ہیں جبکہ نیشنل انٹرنیشنل اور پرائم ٹائم نیوز محمد فرزان احمد ، ناظمہ بیگم ، محمد صدیق ،منان جابری پیش کرتے ہیں۔ خبروں کا انتخاب سید سجاد الحسنین کا ہوتا ہے ۔ ہیڈ آف دی آپریشن زاہد فاروقی پروگرامس کو بہتر انداز میں سیاست ٹی وی ناظرین تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے۔ ردا خانم اور احمد اشہر پاسر ہندی خبریں پیش کرتے ہیں جن میں شمالی اور جنوبی ہند کا خاص طور پر احاطہ کیا جاتا ہے ۔ انگریزی پروگرامس میں جنید اور محمد وہاب ناظرین کے سامنے لاتے ہیں۔ نظام الدین لئیق ، ایس ایم بلال ، مرزا شاہنواز بیگ ، محمد یوسف ، سید مظہر علی ، فہیم انصاری ، سید اسمعیل ذبیح الدین اپنی رپورٹنگ کے ذریعہ ناظرین کو سیاست ٹی وی کے توسط سے حالات سے باخبر رکھتے ہیں۔ پروگرامس کی تیاری و ایڈیٹنگ میں محمد عارف ، محمد ابراہیم ، سید دستگیر ارشد ، سید قائم علی کا اہم کردار ہوتا ہے ۔ میک اپ مین محمد عثمان بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں ۔ بہرحال سیاست ٹی وی فی الوقت کمزوروں و مظلوموں کی آواز بنا ہوا ہے ۔ ان میں شعور بیدار کرنا اور انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اس کا مقصد ہے۔