مسٹر گیریتھ وِن اوین ’سیاست‘ کے گوشہ خطاطی دیکھ کر انگشت بہ دنداں‘ نیوزایڈیٹر جناب عامر علی خاں سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت
حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد ایک تاریخی شہر ہے اور یقناً اس تاریخی شہر کی نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں ایک منفرد پہچان ہے۔ یہاں کی محبت و مروت مثالی ہے اور اس شہر میں روز نامہ ’سیاست‘ صرف لوگوں تک خبریں پہنچانے کا کام نہیں کرتا بلکہ ایک تحریک کی شکل میں وہ ضرورت مندوں خاص کر طلبا و طالبات کی مدد میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر برائے تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر گیریتھ وِن اوینGARETH WYNN OWEN نے نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں سے خیرسگالی ملاقات میں کیا۔ انہوں نے دفتر ’سیاست‘ میں تقریباً دو گھنٹے گذارے۔ جناب عامر علی خاں نے انہیں روز نامہ سیاست کے آغاز، اس کے مقاصد ، قومی و ملی خدمات سے واقف کروایا اور بتایا کہ روز نامہ ’سیاست‘ ملت فنڈ کے ذریعہ بلالحاظ مذہب و ملت لاکھوں طلبا و طالبات ، ضرورتمند خواتین، آفات سماوی اور فرقہ وارانہ تشدد کے متاثرین و بیماروں کی بھرپور مدد کررہا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی ہائی کمشنر برطانیہ کو یہ بھی بتایا کہ ’سیاست‘ کے ذریعہ زائد از 50 اسکیمات چلائی جارہی ہیں جن میں ہونہار طلباء و طالبات کو اسکالر شپس، نوجوان لڑکے ، لڑکیوں کو روزگار سے لگانے انگریزی بول چال کی خصوصی تربیت کی فراہمی اور ٹکنیکل کورسیس کی تربیت بھی شامل ہے۔ جناب عامر علی خاں نے مسٹر گیریتھ کو یہ بھی بتایا کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمتوں کے مواقع دیکھتے ہوئے’ سیاست ‘ نے 1994 میں انگریزی کلاسیس کا آغاز کیا جس سے بے شمار لڑکے، لڑکیوں کو ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمتیں حاصل ہوئیں۔ روزنامہ سیاست طلباء و طالبات کو روزگار سے جوڑنے کی خاطر روزگار سے مربوط آئی ٹی کورسیس بھی چلاتا ہے۔ سرکاری اسکیمات و سرکاری ملازمتوں کیلئے امیدواروں کی نہ صرف رہنمائی کرتا ہے بلکہ مسابقتی امتحانات کی تیاری بھی کرواتا ہے۔ نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ نے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مسٹر گیریتھ وِن اوین کو سیاست کے خصوصی گوشہ خطاطی کا معائنہ کروایا اور خطاطی کے شاہکار نمونوں کو دیکھ کر وہ حیران رہ گئے خاص طور پر آیات قرآنی کو مختلف پینٹنگس کے ذریعہ پیش کئے جانے کو بہت پسند کیا اور بڑی دلچسپی اور مسرت کے ساتھ خطاطی کے نمونوں کو دیکھا۔ جناب عامر علی خاں نے انہیں سورہ رحمن کی آیت ’’فَبایِلائِ ربِکما تکذِبَان ‘‘(ترجمہ : تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے ) کی پینٹنگس دکھائی اور اس آیت پاک کا انگریزی ترجمہ پیش کرتے ہوئے بتایا” Then, Which of the favours of your Lord will you deny” جس پر برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے خوشی اور حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے خاص طور پر اس پینٹنگ کو بہت پسند کیا جس میں انسان کی پیدائش کے عمل کو پیش کیا گیا اور جس میں اس آیت قرآنی ’’ ثُم جعلنہ نطفۃ فیِ قرارِ مکین‘ کے ذریعہ اللہ عزو جل نے اپنے بندوں کو انسان کی پیدائش کے مرحلہ سے واقف کروایا ہے۔ ڈپٹی ہائی کمشنر کے ہمرہ مسز پدماجا ہیڈ آف پریس اینڈ کمیونیکیشن برٹش ہائی کمشنر بھی تھیں۔ مسٹر گیریتھ وِن اوین کو سیاست پریس ، سیاست ٹی وی چیانل کے مختلف یونٹس سے بھی واقف کروایا اور بتایا کہ سیاست ٹی وی میں اردو کے ساتھ ہندی خبریں اور مختلف پروگرامس نشر کئے جاتے ہیں اور سیاست اور سیاست ٹی وی جمہوریت ، سیکولرازم، گنگا جمنی تہذیب اور امن و دوستی کی ہندوستانی روایات کو مضبوط و مستحکم کرنے مصروف ہے۔ بعد میں غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ برطانیہ کے خوشگوار تعلقات ہیں اور دونوں حکومتوں کے درمیان اچھی سمجھداری ہے۔ ایک موقع پر انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں صلاحیتوں کی قدر کی جاتی ہے۔ قابلیت کو دیکھا جاتا ہے مذہب کو نہیں انہوں نے ہندوستانی نژاد برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کا حوالہ دیا۔ ایک اور مرحلہ پر انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں چینی اور ہندوستانی طلبا کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کے انسداد پر حکومت برطانیہ نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ جناب عامر علی خاں سے بات چیت میں مسٹر گیریتھ نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمیشن بھی کچھ فلاحی پروگرامس اور پراجکٹس رکھتا ہے چنانچہ وہ روز نامہ ’سیاست‘ کے ساتھ اپنے پروگرامس و منصوبوں کو شیئر کریگا۔ دونوں نے باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ قومی و بین الاقوامی حالات باالفاظ دیگر حالات حاضرہ پر بھی بات کی۔