سیاسی و شہری حقوق کا تحفظ ضروری : اقوام متحدہ

,

   

کجریوال کی گرفتاری و کانگریس کھاتوں کے انجمادپر رد عمل
اقوام متحدہ : اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گواٹیرس کے ایک ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کو امید ہے کہ ہندوستان یا ایسا کوئی بھی ملک جہاں انتخابات ہونے والے ہیں وہاںعوام کے سیاسی اور شہری حقوق کا تحفظ کیا جائیگا اور ہر کوئی آزادانہ اور منصفانہ ماحول میں ووٹ دے پائے گا ۔ سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی ترجمان نے یہ ریمارکس کئے جب وہ میڈیا سے بات کر رہی تھیں۔ ان سے ہندوستان میںمجوزہ عام انتخابات سے قبل سیاسی بے چینی کی فضاء سے متعلق سوال کیا گیا تھا ۔ یہ سوال چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی گرفتاری اور اپوزیشن کانگریس پارٹی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردینے کے پس منظر میں کیا گیا تھا ۔ ترجمان نے کہا کہ ہمیں بہت زیادہ امید ہے کہ ہندوستان یا ایسا کوئی بھی ملک جہاں انتخابات ہو رہے ہوں وہاں ہر ایک کے حقوق کا تحفظ کیا جائیگا چاہے وہ سیاسی حقوق ہوں یا پھر شہری حقوق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو آزادانہ اور منصفانہ ماحول میں ووٹ ڈالنے کا موقع ہونا چاہئے ۔ اقوام متحدہ نے یہ رد عمل ایسے وقت میں ظاہر کیا ہے جب کجریوال کی گرفتاری اور کانگریس کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کے مسئلہ پر امریکہ نے بھی رد عمل ظاہر کیا تھا ۔ چہارشنبہ کو ہندوستان نے امریکہ کے ایک سینئر سفیر کو طلب کرتے ہوئے کجریوال کی گرفتاری پر امریکی ریمارکس پر احتجاج درج کروایا تھا ۔ اس کے فوری بعد امریکہ نے دوبارہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس معاملے میں منصفانہ ‘ شفاف اور بروقت قانونی طریقہ کار کی حمایت کرتا ہے ۔ دہلی میںامریکی سفیر کی طلبی پر امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ وہ خانگی سفارتی گفتگو پر تبصرہ کرنا نہیںچاہتے تاہم وہ سر عام کہتے ہیں کہ امریکہ اس معاملے میںمنصفانہ ‘ شفاف اور بروقت قانونی کارروائی کی حمایت کرتا ہے ۔ ہمارے خیال میں اس پر کسی کو اعتراض نہیںہونا چاہئے