سیاہ فام بچیوں کیساتھ امتیاز ،مشہور شخصیت کیخلاف کارروائی

   

ریاض۔ 27 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) سوشل میڈیا ایپ اسنیپ چیٹ کی ایک مشہور شخصیت کو سعودی عرب میں ایک سرکاری تقریب کے دوران دو سیاہ فام بچیوں کو نظر انداز کرنے پر سوشل میڈیا صارفین شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ٹویٹر پر سعودی صارفین نے اسنیپ چیٹ کی مشہور شخصیت کے طرزعمل کو نسلی امتیاز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ دوسری طرف اس موضوع کے ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بننے کے بعد سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے مشہور شخصیت کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ سعودی قانون کے مطابق تب تک کسی کے نام کا ذکر نہیں ہو سکتا جب تک جرم ثابت نہ ہو جائے۔ ویب سائٹ کے مطابق یہ واقعہ وزارت داخلہ کی طرف سے محاذ پر مارے جانے والے سعودی فوجیوں کے بچوں کی پذیرائی کیلئے منعقدہ اس تقریب میں پیش آیا جس میں اسنیپ چیٹ کی شخصیت کو بطور مہمان مدعو کیا گیا تھا۔اس شخصیت نے وزیر داخلہ سے ملنے کیلئے لائن میں کھڑی بچیوں سے انکے تاثرات جاننا شروع کر دئیے لیکن قطار کے آغاز میں کھڑی دو سیاہ فام بچیوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر کے تیسری بچی کے پاس پہنچ گئے۔ ایسے میںسیاہ فام بچیاں اُن کا منہ تکتی رہ گئیں۔ سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے اس مشہور شخصیت کیخلاف کارروائی کی ہدایت کے ساتھ ساتھ سیاہ فام بچیوں کی دلجوئی کیلئے انہیں اپنے دفتر مدعو کیا ہے۔