سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 10 ارب روپئے امداد کا اعلان

   

مہلوکین کے ارکان خاندان کو فی خاندان دس لاکھ اور زخمیوں کو فی خاندان 3 لاکھ روپے کی امداد : شہباز شریف

اسلام آباد : وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے خیبر پختوانخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران صوبے کیلئے 10 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی کیلئے کام کریں گے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد کانجو میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ حالیہ سیلاب سے بہت نقصان ہوا ہے، جگہ جگہ سڑکیں بہہ گئیں، پل تباہ ہوگئے، حکومت پاکستان، صوبائی حکومتوں اور افواج پاکستان کے ساتھ مل کر امدادی اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایم اے، تمام سیاسی منتخب نمائندے اور انتظامیہ امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوات میں ہزاروں سیاح پھنسے ہوئے ہیں جبکہ افواج پاکستان ان کے محفوظ انخلا کیلئے کام کر رہی ہے، کل شام تک تمام سیاحوں کا انخلا مکمل ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ہلاکت خیز سیلاب کے دوران ہزار سے زیادہ لوگ جاں بحق ہوگئے، ہزاروں لوگ زخمی ہیں، لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے، تیار فصلیں تباہ ہوگئیں، سندھ میں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی چاو، کپاس کی فصلیں تباہ ہوگئیں، کجھور کے باغات برباد ہوگئے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بہت نقصان ہوا، 7 لاکھ جانور پانی میں بہہ گئے جب کہ لاکھوں لوگ اس وقت کھلے آسمان تلے ہیں، ان کے گھر تباہ ہوچکے ہیں۔ پوری قوم کی دعاؤں اور کاوشوں سے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائی گئی ہیں، ان امدادی کارروائیوں میں شامل تمام اداروں کو خاص طور پر افواج پاکستان کو خرج تحسین پیش کرتا ہوں جن کے افسران اور جوان خود امدادی کاموں میں مصروف ہیں، گزشتہ روز سپہ سالا جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سوات کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ایف ڈبلیو او، این ایچ اے اور پاکستان کی آرمی کی انجینرئنگ کور بھی پوری طرح روبہ عمل ہے، حکومت نے امدادی کاموں کیلئے 28 ارب روپیہ مختص کیا ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 25 روپے ہر متاثرہ خاندان کو مہیا کیا جا رہا ہے۔انھوںنے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے سندھ میں بھرپور کام جاری ہے، بلوچستان میں بھی امدادی سرگرمیاں کی جارہی ہیں اور اب خیبر پختونخوا میں بھی متاثرین کی داد رسی کے کام کا آغاز کیا جارہا ہے جب کہ جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان سمیت جہاں جہاں لوگ متاثر ہوئے ان کی مدد کی جائیگی۔انہوں نے کہا جن کے پیارے اس دوران جاں بحق ہوئے ان کو 10 لاکھ روپے ، زخمیوں کیلئے 3 لاکھ روپے دے رہے ہیں، متاثرین کی داد رسی حکومت کا فرض ہے، نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، 3 ہزار 500 کلو میٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے، بحالی کیلئے مزید رقم اور فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سوات میں سڑکوں اور انفرا اسٹرکچر کو بہت نقصان ہوا ہے، ہم نے سندھ میں بحالی کے کاموں کے لیے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا، بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کا اعلان کیا اور آج میں خیبر پختونخوا کے لیے بھی 10 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتا ہوں، این ڈی ایم اور کے پی حکومت کے ساتھ مل کر بحالی کا کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ نے پاکستان کے لیے 16 کروڑ ڈالر کی فلیش اپیل جاری ہے، اس اپیل کے بعد مزید عالمی ادارے اور ممالک بھی مدد کے لیے آگئے آئیں گے، ہم ملنے والی امدادی رقم کو امانت سمجھ کر متاثرین کی بحالی کیلئے خرچ کریں گے۔

پاکستان میں سیلاب ،36 ہلاک دریائے سندھ کے پشتے ٹوٹنے کا خطرہ
اسلام آباد : پاکستان میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 36 افراد ہلاک اور 1,941 زخمی ہوگئے ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے یہ اطلاع دی۔ اسی عرصے میں ملک کے سب سے زیادہ متاثرہ مشرقی پنجاب صوبے میں 19 افراد ہلاک اور 1,918 دیگر زخمی ہوئے ۔ دریں اثناء پاکستان کے شمالی علاقوں میں دریاؤں میں پانی کے شدید بہاؤ کے باعث صوبہ سندھ میں دریائے سندھ کے پشتے ٹوٹنے کا خطرہ ہے ۔ صوبہ سندھ میں موسلا دھار بارشوں کے سبب کئی ایکڑ زرخیز مٹی بہہ گئی ، جس سے 1.6 بلین امریکی ڈالر کا نقصان ہوا ۔ دریں اثناء پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بین الاقوامی مہم کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے پانچ ارب روپے اکٹھے کیے ہیں۔