کولکاتہ : بنگال میں سیلابی ریلے کے ساتھ بہہ کر آنے والا مارٹر گولہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ میڈیا کے مطابق دو روز قبل ریاست سکم میں بارشوں کے بعد سیلابی ریلا ایک فوجی کیمپ میں داخل ہوگیا تھا۔ جس میں 22 اہلکار اور جنگی ساز و سامان بھی بہہ گیا تھا اور تاحال ان اہلکاروں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ ادھر ریاست بنگال میں بھی مسلسل بارشوں کی وجہ سے ضلع جلپگوری کے دریائے تیستا میں طغیانی آگئی اور سیلابی ریلا رہائشی علاقہ میں داخل ہوگیا جس کے ساتھ ایک مارٹر گولہ بھی بہہ کر آگیا تھا۔ مارٹر گولہ سیلابی ریلے کے ہمراہ ایک رہائشی علاقہ میں داخل پہنچ کر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ یہ مارٹر گولہ فوج کا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ سکم سے بہہ کر بنگال کے دریا تک پہنچا ہوگا۔ یاد رہے کہ ریاست سکم کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے فوجیوں اور جنگی سامان کا کچھ پتا نہیں چلا سکا جب کہ ریاست میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 40 ہوگئی۔