سیل فون رہزنوں کی ٹولی بے نقاب، پانچ افراد بشمول دو نابالغ گرفتار

   

حیدرآباد : سائبرآباد پولیس نے سیل فون رہزنوں کی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 5 افراد بشمول دو نابالغ لڑکوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 45 سیل فون جن کی مالیت 8 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ضبط کرلیا۔ اس کے علاوہ پولیس نے سرقہ کی وارداتوں میں استعمال کی گئیں 4 موٹر سیکلوں کو بھی ضبط کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈی سی پی مادھاپور مسٹر وینکٹیشور راؤ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 30 سالہ این چنا عرف ہری پرساد ساکن متنگی متوطن کرنول 55 سالہ شخص وائی سرینواس عرف نپو ساکن تانڈور اور 25 سالہ اے کشور ساکن متنگی کے علاوہ دو نابالغ لڑکوں کو گرفتار کرلیا۔ عوامی بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے یہ ٹولی سیل فونس کی رہزنی اور سرقہ کیا کرتی تھی۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ چنا کرنول میں سرقہ کی وارداتیں انجام دینے کے بعد جاریہ سال جنوری میں متنگی کا رُخ کیا اور یہاں ایک کرایہ کا کمرہ لے کر زندگی کا آغاز کیا۔ فروری میں اس کی دوستی کشور اور اس کے ساتھیوں سے ہوئی۔ انھوں نے ورنگل میں سمارکا سارا اکا جاترا کا رُخ کیا اور وہاں سیل فونس کا سرقہ کیا۔ اور جی گنٹہ میں گرفتاری کے بعد جیل منتقل کئے گئے اور جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ سرقہ شروع کردیا اور گرفتار کرلئے گئے۔