نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے مزاج پرسی اور ڈاکٹروں سے ملاقات کی
حیدرآباد5جنوری (سیاست نیوز)روزنامہ سیاست نظام آباد کے اسٹاف رپورٹر محمد جاوید علی کل رات حیدرآباد میں پیش آئے سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے۔ ایک کار ڈرائیور کی مبینہ لاپرواہی سے پیش آئے حادثہ میں جاوید علی شدید زخمی ہوگئے جو اپنے فرزند کے ہمراہ عثمان گنج سے گزررہے تھے۔ حادثہ میں شدید زخمی جاوید علی کو فوری عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد اور میڈیکل جانچ کے بعد ایک کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ جاوید علی کی آج سرجری کی گئی اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ۔ اطلاع کے ساتھ ہی صحافتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور نظام آباد کے علاوہ شہر حیدرآباد کے صحافیوں نے جاوید علی کو پیش آئے حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی عاجلانہ صحتیابی کی دعائیں کیں۔ کمس ہاسپٹل میں زیر علاج جاوید علی سے ملاقات کیلئے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان ہاسپٹل پہنچ گئے اور ڈاکٹروں سے صحت کے متعلق دریافت کیا۔ جاوید علی کے فرزند اور افراد خاندان سے ملاقات کرکے جناب عامر علی خان نے انہیں حوصلہ دلایا اور عاجلانہ صحت یابی کیلئے دعا کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ کل رات پیش آئے حادثہ کے بعد جناب عامر علی خان جاوید علی کی صحت سے متعلق فکرمند تھے اور رات دیر گئے تک صحت سے متعلق دریافت کرتے رہے ۔ حادثہ کی اطلاع پر محمد علی شبیر نے بھی دواخانہ پہونچ کر افراد خاندان سے ملاقات کی ۔ جاوید علی کے حادثہ کی اطلاع پر مختلف سیاسی قائدین بشمول ایم ایل سی کویتا و دیگر نے صحت یابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔