سینئر پارلیمنٹرین شفیق الرحمن برق کا انتقال

   

نئی دہلی: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ہندوستان کے سب سے قدیم رکن پارلیمنٹ جناب شفیق الرحمن برق منگل کو مراد آباد کے ایک خانگی اسپتال میں 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ اترپردیش کے لوک سبھا حلقہ سنبھل سے نمائندگی کرتے تھے۔ نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے سابق ایم پی شفیق الرحمان برق کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو ، بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی اور ریاستی و قومی سطح کے متعدد قائدین نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ شفیق الرحمان کو مختلف طبی مسائل وجہ سے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔ انھیں سینے میں انفیکشن تھا۔ ان کا حال ہی میں دل کا آپریشن بھی ہوا۔ انھیں پہلے گروگرام کے میڈانتا ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور یوپی کے سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو کچھ دن پہلے زیر علاج ایم پی سے ملنے اسپتال گئے تھے۔ان کے انتقال پر سماج وادی پارٹی نے اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر کہا کہ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور کئی بار ایم پی رہ چکے شفیق الرحمن برق صاحب کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کی روح کو سکون ملے۔ سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت ملے۔