چندی گڑھ : چنڈی گڑھ میئر کے بعد بی جے پی کے سینئر ڈپٹی میئر کلجیت سنگھ سندھو اور ڈپٹی میئر راجندر شرما کی بھی کرسی چلی گئی ہے اور ان عہدوں کے لیے از سر نو انتخاب کرائے جانے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ان دونوں عہدوں پر 27 فروری کی صبح 10 بجے انتخاب کرائے جائیں گے۔ اس بار ریٹرننگ افسر چنڈی گڑھ میئر کلدیپ کمار ہوں گے۔ دونوں ہی عہدوں کے لیے بی جے پی اور کانگریس-عآپ امیدواروں میں دلچسپ مقابلہ ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ چنڈی گڑھ ڈی سی ونئے پرتاپ سنگھ نے سینئر ڈپٹی میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ سیکٹر 17 واقع میونسپل کارپوریشن دفتر میں صبح 10 بجے سے انتخاب کی کارروائی شروع ہوگی۔ سپریم کورٹ کے حکم سے کلدیپ کمار میئر بن چکے ہیں۔ اب وہی سینئر ڈپٹی میئر اور ڈپٹی میئر عہدہ کے لیے انتخاب کرائیں گے۔ ووٹنگ بیلٹ پیپر کے ذریعہ سے کرائی جائے گی۔ دونوں ہی عہدوں کے لیے انتخاب میں امیدوار پرانے ہی ہوں گے۔ اس انتخاب سے متعلق تفصیلی حکم کسی بھی وقت جاری کیے جا سکتے ہیں۔