سینکڑوں افراد کو دھوکہ دینے والا فرضی بینک ڈائرکٹر گرفتار

   

نئی دہلی ۔ دہلی پولیس نے غریبوں کو امیر بنانے کا خواب کا دکھاکران کی خون پسینے کی کمائی کی رقم ٹھگنے والے ایک فرضی بینک کے ڈائریکٹر کو گرفتار کیا ہے ۔ دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ کے ایڈیشنل کمشنر آر کے سنگھ نے اتوار کو ‘یواین آئی’ کو بتایا کہ ملزم مراری کمار سریواستو کو بہار کے ضلع سیتامڑھی کے ہمایوں پور سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ وہ تقریبا تین سال سے مفرور تھا۔ اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر پولیس ویرندر ٹھاکرن کی نگرانی میں سب انسپکٹر سشیل کمار ، حوالدار ستبیر سنگھ اور کانسٹبل منیش کی ایک خصوصی ٹیم نے چھاپہ مار کر اسے تکنیکی اور دیگر مقامی انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مراری اور دیگر کے خلاف 14 ستمبر 2018 کو معاشی جرائم کے ونگ میں 38 لوگوں کی مشترکہ شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ایف آئی آر تعزیرات ہند کی دفعات 406 ، 409 ، 420 اور
120-B
کے تحت درج کی گئی۔ اب تک کی تفتیش میں مبینہ میسرز پروگریس پروڈیوسر کمپنی لمیٹڈ کے نام پر 531 بھولے بھالے غریبوں کو تقریبا ساڑھے تین کروڑ روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے ۔ یہ کمپنی ریزرو بینک آف انڈیا میں رقم جمع کرنے کے لیے رجسٹرڈ نہیں ہے ، لوگوں نے پرکشش رٹرن کے جھانسے آکرمیں پیسے جمع کرائے ہیں۔