سیوان تشدد: 8 سالہ رضوان قریشی کو ملی ضمانت

   

سیوان : بہار کے سیوان میں 10 ستمبر کو مہاویر اکھاڑہ جلوس کے دوران فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑا تھا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کیا جن میں ایک 8 سالہ لڑکا رضوان قریشی بھی شامل تھا جسے آج ضمانت مل گئی۔اطلاعات کے مطابق بہار پولیس کی جانب سے 8 برس کے رضوان قریشی کو فرقہ وارانہ تشدد کے دوران پتھراؤ کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر پولیس کاروائی کو لیکر سخت تبصرے کئے گئے اور نتیش کمار و تیجسوی یادو حکومت پر کڑی تنقید کی گئی۔مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے بھی معصوم لڑکے رضوان قریشی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر اسے رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ مہاویر اکھاڑہ جلوس کے دوران ہوئے تشدد کے ویڈیو وائرل ہوئے جس میں یہ صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح جلوس میں شامل افراد نے مسلمانوں کے گھروں کو نشانہ بنایا اور جم کر پتھراؤ کیا۔ وائرل ویڈیو میں زعفرانی شال اوڑھے افراد کو متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے بھی دیکھا گیا، لیکن مقامی لوگوں نے پولیس پر یکطرفہ کاروائی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ صرف مسلمانوں کو ہی نشانہ بنایا جارہا ہے۔