سیول سرویسیس کوچنگ کیلئے 516 اقلیتی امیدواروں کی درخواستیں

   

28 اپریل کو اسکریننگ ٹسٹ، ماہر فیکلٹیز کے ذریعہ 100 امیدواروں کو کوچنگ
حیدرآباد۔/23 اپریل، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اقلیتی امیدواروں کو سیول سرویسیس امتحانات کی مفت کوچنگ کیلئے درخواستوں کے آن لائن ادخال کی تاریخ کل ختم ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست بھر سے جملہ 516 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں حیدرآباد سے 132 درخواستیں شامل ہیں۔ نظام آباد سے 62 ، کریم نگر 52 اور رنگاریڈی سے 48 درخواستیں داخل کی گئیں۔ دیگر اضلاع میں عادل آباد 9 ، کتہ گوڑم 4 ، ہنمکنڈہ 11 ، جگتیال 13، جنگاؤں 4 ، بھوپال پلی 2 ، گدوال 11 ، کاماریڈی 11، کھمم 14 ، آصف آباد 5 ، محبوب آباد 6، محبوب نگر 12 ، منچریال 8 ، میدک 2 ، ملکاجگری 17، ملگ 2 ، ناگرکرنول 4 ، نلگنڈہ 14 ، نارائن پیٹ 2 ، نرمل 16 ، پداپلی 2 ، سرسلہ 3 ، سنگاریڈی 10 ، سدی پیٹ 4 ، سوریا پیٹ 17 ، وقارآباد 7 ، ونپرتی 4 ، ورنگل 5 اور بھونگیر سے 3 درخواستیں داخل کی گئیں۔ امیدواروں کا انتخاب اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ کیا جائے گا جو 28 اپریل کو تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر واقع اقلیتی اقامتی اسکولس میں منعقد ہوں گے۔ اسکریننگ ٹسٹ کے اوقات صبح 10:30 تا 12:30 بجے رہیں گے جس کے تحت پارٹ I آبجیکٹیو ٹائپ اور پارٹ II تحریری رہے گا جس کیلئے جملہ 100 نشانات ہوں گے۔ اسکریننگ ٹسٹ کے نتائج کی بنیاد پر میرٹ کی اساس پر امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ 100 امیدواروں کو سیول سرویسیس امتحانات کی کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ خواتین کیلئے 33.33 فیصد اور معذورین کیلئے 5 فیصد نشستوں کی گنجائش رہے گی۔ تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز اسٹڈی سرکل اور کیریئر کونسلنگ سنٹر کی نگرانی میں کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے سکریٹری شاہنواز قاسم اور اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے اس مرتبہ منتخب امیدواروں کو ماہر فیکلٹیز کے ذریعہ کوچنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق میں خانگی کوچنگ سنٹرس کو امیدوار الاٹ کئے جارہے تھے اور کوچنگ کے اخراجات حکومت ادا کررہی تھی۔ اس مرتبہ محکمہ اقلیتی بہبود اپنی راست نگرانی میں کوچنگ کا اہتمام کرے گا۔1