سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ’’سیول نافرمانی‘‘ شروع کرنے پر زور : یچوری

,

   

کلبرگی ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ایم) کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے تمام حقیقی محب وطن افراد سے کہا کہ وہ ملک میں شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ’’سیول نافرمانی‘‘ کا آغاز کریں۔ کرناٹک پیپلز فورم کلبرگی کے زیراہتمام ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سیتارام یچوری نے این آر سی اور این پی آر کے سلسلہ میں جب عہدیدار آپ سے رجوع ہوں تو نہ اس کی تفصیلات میں جائیے اور نہ ہی کوئی دستاویزات دکھائیے۔ کنونشن میں 50 ہزار سے زیادہ افراد شریک تھے۔ انہوں نے 26 جنوری یوم جمہوریہ اور 30 جنوری یوم شہیدان پر اس مسئلہ پر عہد کرنے کا بھی عوام کو مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت شہریت ترمیمی قانون، این پی آر اور این آر سی کی مخالفت کرنے والوں کو قوم دشمن قرار دے رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کس طرح لوگ قوم مخالف ہوسکتے ہیں جبکہ وہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے دستور کے تحفظ کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا دستور ہمارے لئے گیتا، بائبل اور قرآن کی طرح قابل احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت قوم مخالف ہے کیونکہ اس نے دستور کے خلاف سی اے اے، این پی آر اور این آر سی لایا ہے۔ سیتارام یچوری نے تمام غیربی جے پی ریاستوں پر زور دیا کہ وہ کیرالا، پنجاب اور مغربی بنگال حکومتوں کی تقلید کریں جنہوں نے سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کے خلاف اپنی اسمبلیوں میں قرارداد منظور کی ہے۔ ان قوانین کو لانا ہندوستانی دستور کو ختم کرنے کا پہلا قدم ہے۔ سی پی آئی ایم قائد نے وزیراعظم نریندر مودی کو جھوٹا قرار دیا جو اپنی شخصی تفصیلات کا اظہار نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ سی پی ایم ملک میں کوئی حراستی کیمپ قائم کرنے نہیں دیں گی۔