سی اے اے قانون ملک کیلئے ناقابل قبول : فلم ایکٹر وجئے

   

حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) ٹامل فلموں کے مشہور اداکار وجئے نے مرکزی حکومت کے سی اے اے قانون کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ٹاملناڈو حکومت سے اپیل کی کہ متنازعہ قانون پر ریاست میں عمل نہ کیا جائے۔ فلم ایکٹر سے سیاستداں بننے والے ٹی وجئے نے شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کے فیصلہ پر مرکز کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ قانون کے ذریعہ مذاہب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ٹی وی کے پارٹی کے سربراہ وجئے نے کہا کہ متنازعہ قانون سے ملک میں سماجی نظام درہم برہم ہوجائے گا۔ پارلیمنٹ میں قانون کی منظوری کے چار سال بعد مودی حکومت کو اچانک عمل آوری کا خیال آیا تاکہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ پہنچے۔ ٹاملناڈو کی ٹملاگا ویٹری کزگم (TVK) سربراہ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کے ہندو پناہ گزینوں کو ملک میں شہریت کی فراہمی کا فیصلہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وجئے نے کہا کہ سی اے اے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے ڈی ایم کے حکومت سے اپیل کی کہ ٹاملناڈو میں متنازعہ قانون پر عمل آوری سے گریز کرے۔1