سی پی آئی و سی پی ایم کا 4 لوک سبھا حلقوں سے مقابلہ

   

دونوں کمیونسٹ جماعتوں کے مابین مفاہمت ۔ ویرا بھدرم کا بیان
حیدرآباد 12 مارچ ( پی ٹی آئی ) سی پی آئی اور سی پی ایم نے آج ریاست میں لوک سبھا کی چار نشستوں پر مقابلہ کے تعلق سے اتفاق رائے کرلیا ہے ۔ ریاست میں 11 اپریل کو لوک سبھا کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ سی پی ایم کے ایک سینئر لیڈر نے یہ بات بتائی ۔ اس اتفاق رائے کے تحت سی پی آئی محبوب آباد اور بھونگیری حلقوں سے مقابلہ کریگی جبکہ سی پی ایم کھمم اور نلگنڈہ حلقوںسے مقابلہ کریگی ۔ سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی ۔ تلنگانہ میں لوک سبھا کی جملہ 17 نشستیں ہیں ۔ ریاست میں 7 ڈسمبر 2018 کو اسمبلی کیلئے انتخابات ہوئے تھے ۔ ان میں دونوں بائیں بازو کی جماعتوں نے علیحدہ محاذوں میں شمولیت کے ساتھ مقابلہ کیا تھا ۔ سی پی آئی نے کانگریس زیر قیادت مہا کوٹمی میں شمولیت اختیار کی تھی جبکہ سی پی ایم نے بہوجن لیفٹ فرنٹ کے بیانر تلے مقابلہ کیا تھا ۔ ویرا بھدرم نے کہا کہ مابقی 13 لوک سبھا حلقوں کیلئے کمیونسٹ جماعتوں کی جانب سے پون کلیان کی پارٹی اور کودانڈا رام کی پارٹی کے علاوہ دوسری چھوٹی جماعتوں سے بات چیت کی جا رہی ہے ۔