س16 سال قدیم سرقہ کا معمہ حل ، ایک شخص گرفتار

   

حیدرآباد۔ 10 جون (سیاست نیوز) ساؤتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے 16 سال پرانے سرقہ کی سنگین واردات کے معمہ کو حل کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 2003ء میں علاقہ سنتوش نگر میں پیش آئے سرقہ کی واردات میں ملوث سارق کا کامیاب پتہ لگالیا۔ تفصیلات کے بموجب 26 سالہ شیخ الطاف ساکن ایرہ کنٹہ بالا پور نے حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ علاقوں میں 14 سرقہ کی وارداتیں انجام دی تھیں۔ علاقہ سنتوش نگر میں بھی 2003ء میں سرقہ ہوا تھا جس کا معمہ اب تک حل نہ ہوسکا تھا، لیکن ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے شیخ الطاف کے ملوث ہونے کا پتہ چلاتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور تفتیش کے دوران اس نے اقبال جرم کیا۔ پولیس نے تفتیش کے بعد گرفتار سارق کے قبضہ سے مسروقہ 7 تولے طلائی زیورات برآمد کرلئے اور اسے سنتوش نگر پولیس کے حوالے کردیا۔ واضح رہے کہ ٹاسک فورس پولیس نے سابق میں علاقہ مائیلاردیو پلی میں پیش آئے قتل کی 18 سال قدیم معمہ کو حل کیا تھا۔