س70 سالہ ڈاکٹر کی کورونا سے موت

   

حیدرآباد ۔تلنگانہ میں ایک 70 سالہ ڈاکٹر کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگیا ہے ۔ اس ڈاکٹر کا انتقال ایک خانگی ہاسپٹل میں ہوا ہے ۔ دواخانہ کے ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے نگہداشت صحت کے عملہ میں یہ کسی کی پہلی موت ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ ڈاکٹر گذشتہ 12 سال سے ایک خانگی کلینک چلایا کرتے تھے ۔ انہیں 17 جون کو ایک خانگی دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جہاں وہ کل اتوار کو چل بسے ۔ کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں یہ کسی ڈاکٹر یا طبی عملہ کے رکن کی پہلی موت ہے ۔ تلنگانہ چیاپٹر آف انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ شبہ یہ کیا جا رہا ہے کہ ڈاکٹر و کسی مریض سے کورونا انفیکشن لاحق ہوگیا تھا ۔اس دوران آج دواخانہ عثمانیہ میں 30 پوسٹ گریجویٹ جنرل میڈیسن طلبا نے کام کا زائد بوجھ ہونے کا دعوی کرتے ہوئے تیسرے دن بھی ڈیوٹی پر حاضری نہیں دی ۔ محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ دواخانہ میں متبادل انتظامات کے ذریعہ صورتحال کو قابو کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔