شاداں زیب خان اجمیر درگاہ کمیٹی کے نگران ناظم

   

اجمیر: مرکزی وقف کونسل کے سکریٹری شاداں زیب خان راجستھان کے اجمیر میں مشہور صوفی بزرگ معین الدین حسن چشتی ؒکی درگاہ کا انتظام کرنے والی درگاہ کمیٹی کے قائم مقام ناظم ہوں گے ۔ مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کے سکریٹری محمد ندیم نے اجمیر درگاہ کمیٹی کا اضافی چارج خان کو سونپنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ حالات اجمیر درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان اور ناظم اشفاق حسین کے درمیان جھگڑے کے بعد پیدا ہوئے ہیں ۔ تنازعہ کی وجہ مبینہ طور پر ناظم اشفاق حسین کے ذریعہ چلائے جارہے اسکول کی ایک خاتون ٹیچرکا ایک سوشل میڈیا پیغام تھا۔ یہ تنازعہ اندر ہی اندر گہرا ہوتا چلا گیا۔ ناراض ناظم نے استعفیٰ دے دیا اور اسے منظور کر لیا گیا۔ ناظم نے اس سے قبل خاندانی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا تھا جسے قبول نہیں کیا گیا تھا۔