شادنگر میں سابق وزیر ہریش راؤ کا شاندار استقبال

   

سابقہ ایم ایل اے انجیا یادو کی قیادت میں سینکڑوں کارکنوں کی شرکت
شادنگر۔ 3 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس سابقہ وزیر و سدّی پیٹ ایم ایل اے ٹی ہریش راؤ کا رنگا ریڈی ضلع کے شادنگر میں شاندار استقبال کیا گیا۔ شادنگر حلقہ کے سابقہ ایم ایل اے اور سینئر رہنما وائی انجیا یادو اور دیگر پارٹی قائدین کی قیادت میں ہریش راؤ کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ کوڑنگل حلقہ کے کوسگی منڈل کے تماریڈی پلی میں واقع شری گرو لوکانند سنت مہاراج دیوستانم کے جاترا اْتسَو میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے جب ہریش راؤ شادنگر پہنچے تو انجیا یادو کی قیادت میں سینکڑوں کی تعداد میں بی آر ایس کارکنان سڑکوں پر جمع ہو کر ان کا استقبال کرنے کیلئے پہنچے۔ حلقہ کے مختلف منڈلوں اور دیہاتوں سے بڑی تعداد میں کارکنان اور حامی شریک ہوئے۔ اس موقع پر کارکنان نے ‘‘ہریش راؤ زندہ باد، انجیا زندہ باد’’ کے نعرے بلند کیے۔ اس موقع پر بی آر ایس کے مداحوں نے ہریش راؤ پر پھولوں کی بارش بھی کی۔ اس پروگرام میں سابقہ ایم ایل اے انجیا یادو کے علاوہ سابقہ ریاستی مئنارٹی فینانس کارپوریشن چیئرمین جناب امتیاز اسحاق۔ سابقہ زیڈ پی وائس چیئرمین ایٹا گنیش، ریاستی کوآپریٹو سوسائٹی کارپوریشن کے سابقہ چیئرمین راجاورا پرساد، سابقہ ایم پی پی رویندر یادو، لمباڑی حقوق جدوجہد سمیتی کے رہنما رام بل نائک، مِٹّو نائک، سابقہ میونسپل وائس چیئرمین نٹراج، سابقہ کونسلرس اور دیگر کئی رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔