شادی کی پیشکش ٹھکرانے پر طالبہ کا قتل

   

نئی دہلی : دہلی کے ایک پارک میں ایک لڑکے نے کالج کی طالبہ پر لوہے کی راڈ سے حملہ کر کے ہلاک کردیا ۔ پولیس نے ملزم عرفان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ عرفان نے بتایا کہ اس نے نرگس کو شادی کی پیشکش کی تھی لیکن اس نے انکار ۔ نرگس کے گھر والے اس کی شادی مجھ سے کرانے کو تیار نہیں تھے ۔ اسی لئے نرگس نے مجھ سے بات کرنا بھی چھوڑ دیا ۔ میں نے آج اسے پارک میں ملنے کیلئے بلایا اور غصہ میں آکر نرگس کو مار ڈالا ۔ انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں یہ جانکاری دی ہے ۔ جنوبی دہلی کے ڈی سی پی چندن چودھری نے بتایا کہ نرگس کی نعش بنچ کے نیچے پڑی تھی ۔ واقعہ کی اطلاع جمعہ کو 12:08 بجے ملی ۔ بتایا گیا کہ مالویہ نگر کے شیوالک اے بلاک کے وجئے منڈل پارک میں ایک شخص نے لڑکی کے سر پر لوہے کی سلاخ سے حملہ کیا ۔ واقعہ کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا ۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو نرگس کی نعش پارک میں ایک بنچ کے نیچے پڑی تھی ۔ اس کے سر سے خون بہہ رہا تھا ۔ نعش کے پاس لوہے کی سلاخ پڑی تھی ۔ نرگس کملانہرو کالج کی طالبہ تھں ۔ اس کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے ۔ ملزم عرفان (28سالہ ) سنگم وہار دہلی کا رہنے والا ہے ۔ واقعہ کے فوراً بعد اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ دہلی میں 24 گھنٹوں میں دوسرا قتل کا معاملہ پیش آیا ۔