شارجہ میں بالکونیوں میں سامان رکھنے اور کپڑے لٹکانے پر بھاری جرمانہ

,

   

شارجہ۔30مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) شارجہ میں فلیٹس اور اپارٹمنٹس کی بالکونیوں میں سامان رکھنے اور کپڑے لٹکانے پر پانچ سو درہم کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔خلیج ٹائمز کے مطابق شارجہ میونسپلٹی نے خبردار کیا ہے اپنی رہائش گاہوں کی بالکونیوں کو سٹور روم بنانے اور کپڑے لٹکانے والوں کو جرمانہ کیا جائے گا۔ شارجہ میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل ثابت الطریفی نے بتایا کہ بالکونیوں میں سامان جمع کرنا ایک غیر مہذب حرکت ہے جس سے علاقے کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے، اسی وجہ سے اس نوعیت کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف جلد کریک ڈائون شروع کیا جائے گا۔تاہم کریک ڈائون سے قبل ایک آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے، جس میں کتابچوں، بروشرز اور پمفلٹس کے ذریعے لوگوں میں یہ شعور اْجاگر کیا جا رہا ہے کہ بالکونیوں میں سامان رکھنا ایک غیر مناسب حرکت ہے، جس پر قانون حرکت میں آئے گا۔ اکثر افراد بالکونیوں میں کپڑے لٹکاتے ہیں، فالتو سامان رکھ دیتے ہیں، بیکار فرنیچر سجا دیتے ہیں یا سیٹلائٹ ڈش نصب کر دیتے ہیں۔جو کہ قانون کی رْو سے غلط عمل ہے اور اس پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ میونسپلٹی کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس کے ذریعے بھی لوگوں کو تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ اس طرح کے عمل سے خود کو دْور رکھیں تاکہ شہر کی خوبصورتی متاثر نہ ہو۔ میونسپلٹی کی جانب سے جلد ہی رہائشی علاقوں کی تمام بلڈنگز کی نگرانی شروع کر دی جائے گی۔