شاستری کے دوبارہ کوچ بننے کا امکان،5 امیدواروں سے مقابلہ

   

ممبئی ۔13 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آئندہ کوچ کیلئے چھ امیدوروں پر مشتمل ایک مختصر فہرست تیار کرلی ہے اور ان امیدواروں کی کرکٹ اڈوائزری کمیٹی 16 اگسٹ کو انٹرویو لے گی جس کے بعد ہندوستانی ٹیم کے اگلے کوچ کا فیصلہ ہوگا ، لیکن جن چھ امیدواروں کو مختصر فہرست میں جگہ دی گئی ہے ان میں ٹیم کے موجودہ کوچ روی شاستری سب سے آگے دکھائی دے رہے ہیں نیز اس فہرست میں دیگر پانچ ناموں میں ٹام موڈی ، مائیک ہیسن ، فل سمنس ، رابن سنگھ اور لال چند راجپوت شامل ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے موجودہ کوچ روی شاستری کے پھر ایک مرتبہ کوچ بننے کے امکانات روشن ہیں کیونکہ اُمیدواروں کی فہرست کے پانچ ناموں میں انہیں اس لئے بھی فوقیت حاصل ہے کیونکہ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ ان کے بہتر مراسم ہیں اور وہ ایک میعاد کیلئے ٹیم کی کامیاب کوچنگ بھی کرچکے ہیں ۔ 1981 ء تا 1992 ء کے دوران بحیثیت آل راؤنڈر روی شاستری نے ہندوستانی ٹیم کی 80 ٹسٹوں اور 150 ونڈے مقابلوں میں نمائندگی کی ہے ۔ شاستری نے پہلی مرتبہ 2014 ء میں ڈنکن فلیچر کے بعد ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی جبکہ 2017ء میں سابق کوچ انیل کمبلے کے بعد انھیں ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری دی گئی جس میں انھوں نے سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف پہلی مرتبہ ٹیم کو بیرونی سرزمین پر ٹسٹ سیریز میں کامیابی دلوائی تھی ۔ دیگر امیدواروں میں سابق آسٹریلیائی آل راؤنڈر ٹام موڈی بھی شامل ہیں جنھوں نے 1987 ء تا 1999 ء اپنے 12سالہ بین الاقوامی کیرئیر کے دوران 8 ٹسٹ اور 76 ونڈے مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی کی جبکہ انھیں کوچنگ میں بھی وسیع تجربہ حاصل ہے ۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ماحول کے اعتبار سے بھی انھیں سن رائیزرس حیدرآباد کی کوچنگ کا تجربہ حاصل ہے ۔

حیدرآبادی ٹیم کیلئے وہ 2013 ء تا 2019 ء کوچ رہ چکے ہیں جن کی قیادت میں حیدرآبادی ٹیم پانچ مرتبہ کوالیفائر مرحلہ تک رسائی حاصل کرنے کے علاوہ 2016 ء میں آئی پی ایل کا خطاب بھی جیتا ہے ۔ علاوہ ازیں انھیں پاکستان سوپر لیگ میں ملتان سلطانس کے علاوہ رواں برس کینیڈا میں گلوبل ٹوئنٹی 20 میں مونٹریال ٹائیگرس کی کوچنگ کا تجربہ بھی حاصل ہے ۔ اس فہرست میں مائیک ہیسن کا نام بھی شامل ہے ۔ 44 سالہ ہیسن کو نیوزی لینڈ ٹیم کی کامیاب کوچنگ کا تجربہ بھی حاصل ہے جنھوں نے 2015 ء ورلڈ کپ میں ٹیم کو فائنل تک پہونچایا تھا ۔ انھیں نیوزی لینڈ کے طویل میعاد تک کوچ رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ہندوستانی کوچ کی دوڑ میں ایک اور نام ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر فل سمنس کا بھی شامل ہے جنھوں نے 1987 تا 1999 ء 12 سالہ کیرئیر کے دوران ویسٹ انڈیز کی 26 ٹسٹ اور 143 ونڈے مقابلوں میں نمائندگی کی ہے جبکہ 2002 ء میں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کے دو سال بعد 2004ء میں ہی انھیں زمبابوے کا کوچ بننے کا موقع ملا جس کے بعد انھوں نے 2015ء میں ویسٹ انڈیز اور 2017 ء میں افغانستان کی کوچنگ بھی کی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے آئندہ کوچ کی فہرست میں ہندوستانی ٹیم کے دو سابق کھلاڑیوں کے نام بھی شامل ہیں جن میں رابن سنگھ کو 1989 تا 2001 ء تک ہندوستانی ٹیم کی 136 ونڈے مقابلوں میں اور ایک ٹسٹ میں نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے ۔ سبکدوشی کے فوری بعد انھیں انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کا موقع ملا جس دوران انھوں نے رابن اُتھپا اور گوتم گمبھیر جیسے کھلاڑیوں کو انڈیا ۔اے ٹیم میں شامل کیا ۔ رابن سنگھ 2007 ء تا 2009 ء ہندوستان کے فیلڈنگ کوچ بھی رہے جبکہ 2008 ء میں انھیں دکن چارجر کا پہلا ہیڈ کوچ بھی بنایا گیا تھا ۔ 2007 ء میں وہ پہلا ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ بھی رہے ۔ کوچ کی دوڑ میں ممبئی کے سینئر ترین کوچ اور ہندوستانی ٹیم کے 2007 ء میں منیجر رہے لال چند راجپوت بھی ہیں جن کی سرپرستی میں دھونی نے ہندوستان کیلئے پہلا ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ حاصل کیا تھا ۔ راجپوت کو ممبئی انڈینس ، افغانستان کی قومی ٹیم ، زمبابوے کی ٹیم اور گلوبل ٹی 20 لیگ میں کوچنگ کا تجربہ حاصل ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے آئندہ کوچ کیلئے کرک ہیروز کی جانب سے ایک عوامی مہم چلائی جارہی ہے جس میں شائقین کی دلچسپی اور پسند کیلئے رائے دہی کا انتظام کیا گیا ہے جس میں حیران کن طورپر ٹام موڈی 38 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے مقام پر پہونچ چکے ہیں جبکہ 26 فیصد ووٹ کے ساتھ روی شاستری دوسرے مقام پر ہیں۔