شاعرہ مدھومیتا قتل کیس کا مجرم امرمنی ترپاٹھی20 سال بعد رہا

,

   

امرمنی کی بیوی مدھومنی کی بھی جیل سے رہائی۔ دونوں کی باقی سزا معاف !

نئی دہلی: اُترپردیش کے معروف لیڈر امرمنی ترپاٹھی اور اہلیہ مدھومنی ترپاٹھی، جو شاعرہ مدھومیتا شکلا قتل کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے آج جیل سے رہا ہو رہے ہیں۔ یہ دونوں گزشتہ 20 سال سے سزا کاٹ رہے تھے۔ لیکن اُن کی بگڑتی ہوئی صحت اور اچھے اخلاق کے پیش نظراُن کی باقی سزا معاف کر دی گئی ہے۔ ریاستی جیل انتظامیہ کے محکمے نے یوپی کی 2018 کی چھوٹ کی پالیسی اور سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی قبل از وقت رہائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر 60 سال سے زائد عمر کا قیدی 16 سال کی سزا مکمل کر لے تو وہ استثنیٰ کا اہل ہے۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد جہاں ایک طرف کئی سوالات اُٹھ رہے ہیں، دوسری جانب مہاراج گنج کے نوتنوان قصبے میں سابق ریاستی وزیر کی رہائش گاہ پر اُن کے حامیوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ امرمنی کیحامی مٹھائیاں کھا کر اور ڈھول بجا کر اُن کی رہائی کا جشن منا رہے ہیں۔شاعرہ مدھومیتا کون ہے اور جس کے قتل کی وجہ سے امرمنی ترپاٹھی کو دو دہائیاں (20 سال) جیل میں گزارنی پڑیں۔ مدھومیتا 24 سال کی کم عمری میں ہی کوی سمیلن کی زینت بنی تھیں، ان کا تعلق انتہائی سادہ گھرانے سے تھا۔ انہیں شاعری کا شوق تھا اور ان کی پہچان ان کی شاعری سے بننا شروع ہو گئی۔ لیکن 9 مئی 2003 کو لکھنو کی پیپر مل کالونی میں انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اُس وقت مدھومیتا کی عمر 24 سال تھی اور وہ 7ماہ کی حاملہ تھی جب اسے قتل کیا گیا۔ امرمنی اس وقت کی بی ایس پی حکومت میں ایک بااثر وزیر اور پوروانچل کے باہوبلی اور ان کی اہلیہ کو ان کے قتل کی سازش کا قصوروار ٹھہرایا گیا اور 2007 میں دہرادون کی ایک عدالت نے امرمنی اور ان کی اہلیہ مدھو منی کو عمر قید کی سزا سنائی۔ تحقیقات کے دوران یہ الزام لگایا گیا تھا کہ امرمنی کے مدھومیتاکے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری کی رہنے والی مدھومیتا 16 سال کی عمر سے شاعری کررہی تھی۔ وہ غزل ترنم میں پڑھتی تھی۔ ان کے لکھے ہوئے اشعار نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔ 2000 اور 2001 کے درمیان اس نے امرمنی ترپاٹھی سے ملاقات کی ۔ اس وقت امرمنی اتر پردیش کے ایک جانے مانے لیڈر تھے۔ دونوں کی ملاقات جلد ہی دوستی میں بدل گئی اور ان کی قربتیں بڑھنے لگیں۔ کہا جاتا ہے کہ مدھومیتا کا امرمنی کے گھر آنا بہت عام ہو گیا تھا۔ امرمنی کی بیوی اور ماں سے بھی اس کے بہت اچھے تعلقات تھے۔ دونوں کا رشتہ کافی عرصے تک چلا، لوگوں میں اس رشتے کے چرچے تھے لیکن ایک دن اچانک 9 مئی 2003 کو چونکا دینے والی خبر منظر عام پر آگئی۔لکھنو کی پیپر مل سوسائٹی میں صبح سویرے مدھومیتا کو کسی نے گولی مار دی۔ جب پوسٹ مارٹم رپورٹ آئی تو پتہ چلا کہ مدھومیتا 7 ماہ کی حاملہ تھی۔
مقتولہ مدھومتی کی بہن نے احتجاج کیا
اس دوران مدھومیتا شکلا کی بہن ندھی شکلا نے عدالت کے اس فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ ندھی کے وکیل نے کہا کہ دونوں مجرمین 14 سال سے جیل کی سزا کاٹنے کے بجائے دواخانہ میں رہے ۔ اس پر سپریم کورٹ نے یوپی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آٹھ ہفتوں میں جواب طلب کیا ہے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے درخواست گزار سے کہا کہ اگر ہم آپ سے متفق ہوئے تو انھیں واپس جیل بھیج دیں گے۔