شام میں ترک کارروائیوں کو پاکستان کی حمایت

   

وزیر اعظم عمران خان کی صدر طیب اردغان سے فون پر بات چیت
اسلام آباد 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے شام میں ترکی کی فوجی کارروائیوں کی حمایت کی ہے ۔ پاکستان نے یہ حمایت ایسے وقت میں کی ہے جبکہ ترکی کے صدر رجب طیب اردغان امکان ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک پاکستان کا دورہ کرینگے ۔ ترکی نے چہارشنبہ کو شام کے شمالی علاقوں میں فوجی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا اور وہاں کردش زیر قیادت شامی ڈیموکریٹک فورسیس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ یہ گروپ امریکہ کا قریبی حلیف سمجھا جاتا ہے ۔ شام میں جنگ کے آغاز کے بعد سے ترکی کی یہ اس طرح کی تیسری کارروائی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کل صدر ترکی رجب طیب اردغان کو فون کرتے ہوئے ان کی فوجی کارروائیوں پر پاکستان کی تائید و حمایت سے واقف کروایا ۔ عمران خان کے دفتر سے جاری بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے صدر اردغان سے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے متعلق ترکی کی تشویش کو سمجھتا ہے ۔ ۔ پاکستان ترکی کو پیش آنے والے خطرات اور چیلنجس سے بھی پوری طرح سے واقف ہے کیونکہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں ترکی اپنے 40 ہزار شہریوں سے محروم ہوچکا ہے ۔ عمران خان نے صدر ترکی سے کہا کہ ان کا ملک ترکی کے ساتھ یگانگت میں کھڑا ہے اور اس کی پوری حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ ان کارروائیوں کے ذریعہ ترکی میں استحکام پیدا ہو اور اس کی سکیوریٹی اور علاقائی استحکام کو بھی تقویت مل سکے ۔