شام نے اسرائیلی میزائل کو ناکام بنا دیا، شامی میڈیا

   

دمشق ۔ اسرائیل کی جانب سے شامی دارالحکومت دمشق کی طرف مبینہ طور پر فضائی میزائل داغے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شامی فضائی دفاعی نظام نے ان حملوں کو بروقت ناکام بنادیا۔ شامی میڈیا نے میزائل کو نشانہ بنانے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے تاہم اسرائیلی فوج کی طرف سے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ شامی سرکاری میڈیا نے ملکی فوج کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ یہ میزائل جمعہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے فائر کیے گئے تھے۔ اس مبینہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر اسرائیلی سکیورٹی ذرائع نے بھی زمین سے ہوا میں مار کرنے والا میزائل شام سے اسرائیلی فضائی حدود کی طرف فائر کیے جانے کا دعوی کیا ہے، جو کہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہوگیا۔