شاہجہان شیخ پر ای ڈی کی کارروائی

   

کولکاتہ : مغربی بنگال کے سندیش کھالی میں ای ڈی ٹیم پر حملے کے ماسٹر مائنڈ شاہجہاں شیخ کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کو سندیش کھالی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں شاہجہاں شیخ کی زمین پر قبضے کے سلسلے میں چھاپے مارے۔ ای ڈی نے اس معاملے میں پی ایم ایل اے کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ چھاپے کئی مقامات پر مارے گئے ہیں۔شاہجہاں کے علاوہ ای ڈی کی ٹیم سندیش کھالی میں ان کے کئی قریبی ساتھیوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہے۔ شاہجہاں شیخ پر زمینوں پر قبضے اور خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات ہیں۔ ای ڈی کو شاہجہاں شیخ سے پوچھ تاچھ کے دوران مالیاتی لین دین کی جانکاری ملی ہے۔اس سلسلے میں یہ چھاپہ مار کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس دوران سیکورٹی فورسز کی بڑی تعداد موجود ہے۔سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔شاہجہاں شیخ پر سندیش کھالی اور اس کے آس پاس زمین پر قبضے اور راشن گھوٹالہ کے معاملے میںیہ دھاوے کئے جارہے ہیں۔ راشن گھوٹالے کے معاملے میں، ای ڈی حکام نے بڑی تعداد میں مرکزی فورسز کی موجودگی میں شمالی 24 پرگنہ ضلع کے رام پور میں مچھلی کے کئی تاجروں پر چھاپہ مارا ہے۔ یہ تاجر شاہجہاں شیخ کے قریبی ہیں جو سی بی آئی کی حراست میں ہیں۔اس سے قبل، 5 جنوری کو سندیش کھالی میں ای ڈی ٹیم پر ہجوم کے حملے کے سلسلے میں، سی بی آئی نے ترنمول کانگریس کے معطل لیڈر شاہجہاں شیخ کے بھائی اور ان کے کچھ قریبی رشتہ داروں کو پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا تھا۔