کولکاتا : مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس نے شاہجہان شیخ کی گرفتاری کوسرنگ کے آخر میں روشنی قرار دیاہے ۔گورنر نے ایکس ہینڈل پر شاہجہاں کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں نے کہا تھا کہ سرنگ کے آخر میں روشنی ہوگی۔یہ جمہوریت ہے ۔ ہم نے انتظار کیا۔ وہ موڑ ختم ہو گیا ہے ۔ یہ واقعہ سب کے لیے سبق ہے ۔ آئیے اس بار امید کرتے ہیں کہ بنگال میں قانون کی نئی صبح لوٹ آئے گی۔ مجھے خوشی ہے کہ کچھ اچھا ہو رہا ہے ۔سندیش کھالی کے لیڈر شاہجہان شیخ کو 55 دنوں سے لاپتہ رہنے کے بعد پولیس نے جمعرات کی صبح میناخان سے گرفتار کیا تھا۔ اسے بشیرہاٹ عدالت میں پیش کرنے کے بعد 14 دن کی پولیس حراست کی درخواست کی گئی۔ لیکن جج نے 10 دن کی پولیس حراست کا حکم دیا۔ شاہ جہاں کی گرفتاری کی خبر سامنے آنے کے بعد گورنر بوس نے میڈیا اہلکاروں سے بات کی ۔گورنر نے جمعرات کو کہاکہ آج بنگال میں، ہم اختتام کے آغاز کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔