شاہجہاں شیخ کے تین ساتھی گرفتار

   

کولکاتہ: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) 5 جنوری کو مغربی بنگال کے سندیش کھالی میں ترنمول کانگریس لیڈر شاہجہاں شیخ کے ٹھکانوں پر تلاشی مہم کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اہلکاروں پر مبینہ حملوں کی تحقیقات کی کارروائی کرتے ہوئے ان کے قریبی تین ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو بتایا کہ پیر کی شام شہر کے نظام پیلس میں گھنٹوں پوچھ گچھ کے بعد سی بی آئی نے ضیاء الدین مولاہ، دیدار بخش مولاہ اور فاروق اکونجی کو گرفتار کیا۔ انہیں سی بی آئی ہیڈ کوارٹر میں طلب کئے جانے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ مولاہ ٹی ایم سی کے سربیریا۔اگھراتی گرام پنچایت کے سربراہ ہیں جب کہ دیدار بخش ایک پیشہ ور سیکورٹی اہلکار۔ کلکتہ ہائی کورٹ کی طرف سے 6 مارچ کو انسداد بدعنوانی ایجنسی کو مبینہ حملوں کی تحقیقات کا حکم دینے کے بعد یہ اس طرح کی پہلی گرفتاری ہے ۔ سی بی آئی شمالی 24 پرگنہ کے بونگاؤں میں ای ڈی کے اہلکاروں پر مبینہ حملے کی بھی تحقیقات کر رہی ہے ۔