شاہین باغ قومی ترانہ سے گونج اٹھا ،لاکھوں خواتین کا دستور پر عہد

,

   

پرچم کشائی ، شہریت ترمیمی قانون کیخلاف عوام کے احتجاج میں شدت ، یو پی میں بھی جگہ جگہ شاہین باغ کی طرح مناظر

نئی دہلی ۔ /26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کا مرکزی مقام شاہین باغ نئی دہلی قومی ترانہ سے گونج اٹھا ۔ 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر لاکھوں افراد کی موجودگی میں دستور پر عہد لیا گیا ۔ قومی پرچم کشائی کے بعد دستور کے پرمبل بھی پڑھا گیا ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے کئی قائدین کی جانب سے شاہین باغ کو بدنام کئے جانے کی پرواہ کئے بغیر لاکھوں خواتین ، بچے اور بڑوں کی کثیر اجتماع نے سی اے اے کے خلاف نعرے لگائے ۔ زائد از 10 لاکھ افراد کے مجمع کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جارہا ہے کہ سی اے اے کے خلاف احتجاج میں مزید شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر روہت وملا کی والدہ رادھیکا نے قومی پرچم کشائی کی ۔ ان کے ہمراہ تین دادیاں معمر خواتین بھی موجود تھیں ۔ یوم جمہوریہ کی تقاریب کا نصف شب سے آغاز ہوا ۔ اس موقع پر موجود عوام نے پرمبل پڑھا اور قومی ترانے گائے اور یہ جوش و خروش صبح تک دیکھا گیا ۔ جیسا جیسا سورج نکلتا گیا اس مقام پر انسانی سروں کا سمندر دکھائی دے رہا تھا ۔ اس موقع پر آٹو رکشا ریالی بھی نکالی گئی اور منفرد جھانکیاں پیش کی گئیں ۔ ان جھانکیوں میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاجی جھانکی بھی شامل تھی ۔ شاہین باغ کی خواتین گزشتہ 43 روز سے احتجاج کررہی ہیں ۔ حکام ان خواتین کو یہاں سے اٹھانے کی لاکھ کوشش کرچکے ہیں ۔ لیکن یہ خواتین یہاں سے ٹس سے مس نہیں ہورہی ہیں ۔ انہیں بدنام کرنے کیلئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں خواتین کو فی کس روزانہ 500 روپئے اور ایک بریانی کا پیاکٹ دے رہی ہیں جس کی وجہ سے ان خواتین کو بہترین روزگار ملا ہے ۔ ان الزامات کی پرواہ کئے بغیر شاہین باغ کے منتظمین نے کہا کہ ان احتجاجیوں میں کوئی بھی لیڈر نہیں ہے ۔ ہر شخص اپنی مرضی اور خواہش کے ساتھ احتجاج میں حصہ لے رہا ہے ۔ ہر احتجاجی کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ حکومت کالے قانون سی اے اے کو واپس لے ۔ یہ خواتین وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کررہی ہیں کہ شہریت ترمیمی قانون کو فوری ختم کیا جائے اور ان کے ساتھ مذاکرات کریں ۔ لیکن ان دونوں قائدین نے اب تک ان کے مطالبہ کا جواب نہیں دیا ہے ۔ دہلی کے اسمبلی انتخابات کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی کو کامیاب بنائیں تاکہ شاہین باغ کے احتجاجی جان بچاکر یہاں سے بھاک کھڑے ہوجائیں ۔ امیت شاہ نے عام آدمی پارٹی کے صدر اروند کجریوال اور کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے بشمول اپوزیشن قائدین پر تنقید کی اور کہا کہ بی جے پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے کو یقینی بنایا جائے ۔ /8 فبروری کو جب آپ اے وی ایم کے بٹن کو دبائیں گے تو یہ خیال رکھیں کہ ان کا ووٹ شاہین باغ پر کاری ضرب ہوجائے ۔ بی جے پی دو دہوں بعد دہلی میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے لیکن سی اے اے کی وجہ سے اس کی انتخابی مہم سرد پڑتی نظر آرہی ہے ۔ بی جے پی کے تمام اہم قائدین کجریوال کے خلاف شدت سے مہم چلارہے ہیں ۔ امیت شاہ نے سوال کیا کہ آپ لوگ راہول گاندھی اور کجریوال کے ووٹ بینک بنے ہوئے ہیں۔ آخر راہول بابا اور کجریوال تکڑے تکڑے گینگ کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک بھر میں منائی جانے والی تقاریب پر سی اے اے احتجاج کا اثر دیکھا گیا ۔ کئی مقامات پر مخالف سی اے اے احتجاجیوں نے قومی پرچم لہرائے اور دستور کے تحفظ کا عہد کیا ۔ کئی مقامات پر بی جے پی قائدین کو کالے جھنڈیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔