شاہ آباد قتل عام حکومت اور پولیس کی ناکامی کا ثبوت: ہریش راؤ

   

حیدرآباد۔ 11 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس ڈپٹی فلور لیڈر ٹی ہریش راؤ نے ضلع رنگاریڈی کے شاہ آباد میں پیش آئے 6 افراد کے وحشیانہ قتل عام پر کانگریس حکومت اور ریاستی پولیس نظام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ سدی پیٹ کے ایم ایل اے کیمپ آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ وزارت داخلہ کا قلمدان اپنے پاس رکھنے کے باوجود چیف منسٹر ریونت ریڈی ریاست میں لا اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ انہیں اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری طور پر اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ ہریش راؤ نے ریاست کے موجودہ پولیس نظام پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ریونت سرکار نے تلنگانہ کے باوقار پولیس ڈھانچہ کو پوری طرح تباہ کردیا ہے۔ آج پولیس اسٹیشنوں کا استعمال امن و امان کو برقرار رکھنے کی بجائے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر جھوٹے مقدمات درج کرنے اور زمینوں کے غیر قانونی تصفیہ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ شاہ آباد میں پوکسو کیس کے درندہ ملزم کے ہاتھوں تین معصوم بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد کا چاقو مارکر قتل کیا جانا کانگریس حکومت اور انٹلی جنس کی ناکامی کا زندہ اور شرمناک ثبوت ہے۔ 2؍F
اس واقعہ نے ریاست کے ہر غریب اور متوسط طبقہ خصوصاً لڑکیوں کے والدین کو گہرے خوف و تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان میں اپنی جان کو خطرہ بتاتے ہوئے بارہا پولیس اسٹیشن کے چکر کاٹے اور تحفظ کی بھیک مانگی لیکن پولیس نے ان کی التجا کو یکسر نظرانداز کردیا۔ ہریش راؤ نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس سفاکانہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے معذور بچے کے نام پر فوری طور پر ایک کروڑ کا معاوضہ جمع کرایا جائے اور خاندان میں زندہ بچ جانے والی واحد بچی کی پرورش ، تعلیم اور دیکھ بھال کی پوری ذمہ داری حکومت قبول کرے۔ 2؍F