شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی عالم اسلام کو عید کی مبارکباد

,

   

ریاض ۔24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالفطر کے موقع پرملک کے شہریوں اور مقیم غیرملکی تارکین وطن کی جانب سے کورونا کی وبا کے پیش نظر سماجی دوری اختیار کرنے اور صحت کے حوالے سے وضع کردہ طریقہ پرعمل درآمد کا خیر مقدم کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے عید سے متعلق خصوصی پیغام میں سعودی قوم اور پورے عالم اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کی گئی۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت کے شہریوں اور تارکین وطن کی طرف سے کرونا کی وبا کی روک تھام کے لیے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر اور وزارت صحت کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد پر شہریوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نہ صرف مملکت کے شہریوں بلکہ ملک میں مقیم غیرملکیوں کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت مملکت کے شہریوں کی آرام وراحت کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔خادم الحرمین الشریفین نے کورونا کی وبا کے خلاف نبرد آزما سرکاری اور خانگی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔