شاہ نے سی آر پی ایف کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا

   

نئی دہلی، 15نومبر(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے سنٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کے شہیدوں کو آج یہاں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یہاں واقع سی آر پی ایف کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور اس کے کارناموں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے کہا،‘ آج سی آرپی ایف ہیڈکوارٹر میں ‘سردار پوسٹ(چوکی)’ پر ملک کی دفاع کے لیے اپنی جان نچھار کرنے والے اپنے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہ ملک ہمیشہ ان کا مرہون منت رہے گا۔ ‘سردار پوسٹ’ پرہمارے بہادر فوجیوں کی یہ داستانِ شجاعت ہر ہندوستانی کو فخر سے بھر دیتی ہے ’ْ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کَچھ میں ہندوپاک کی سرحد پر واقع ‘سردارپوسٹ’ کے قابل فخر تاریخ کو ہر ہندوستانی بالخصوص نوجوان نسل کو جاننا ضروری ہے ۔ پاکستان کی پوری انفینٹری برگیڈ نے 09اپریل 1965 کو سردار پوسٹ پر حملہ کیا جسے ہمارے سی آر پی ایف کی محض دو کمپنیوں نے منھ توڑ جواب دے کر ناکام کر دیا۔انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف کے جوانوں کے جوابی حملے میں پاکستان کے 34 فوجی مارے گئے اور 4 کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔ اس جنگ میں ہمارے بھی 8 جوان شہید ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ داستان بے مثال ہے جس سے ہر کسی کو تحریک ملتی ہے۔