شبھیندو ادھیکاری نے این سی پی آئی کے ایم پیز سے ملاقات کی

   

نئی دہلی، 4 اگست (یو این آئی) مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے منگل کے روز یہاں ‘بنگ بھون’ میں نیشنلسٹ سٹیزن پارٹی آف انڈیا (این سی پی آئی) کے اراکینِ پارلیمنٹ کے ساتھ ایک میٹنگ میں ریاست کے ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔ تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس میٹنگ میں ترنمول کانگریس سے الگ ہو کر آنے والی این سی پی آئی کے 20 میں سے 19 اراکینِ پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا میں بی جے پی کے بنگال سے تین دیگر اراکینِ پارلیمنٹ سکھیندو شیکھر رائے ، سشمتا دیو اور پرکاش چک برائیک بھی شامل ہوئے ۔ یہ میٹنگ مرکز میں برسرِ اقتدار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) پارلیمانی پارٹی کی پارلیمنٹ لائبریری بلڈنگ میں منعقدہ میٹنگ کے کچھ گھنٹے بعد ہوئی۔ این سی پی آئی کے تین اراکینِ پارلیمنٹ ابو طاہر، خلیل الرحمن اور یوسف پٹھان این ڈی اے کی اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے ۔ اس سے پارٹی میں اختلافات کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔ بعد میں یہ تینوں اراکینِ پارلیمنٹ بنگ بھون میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں شامل ہوئے ۔ این ڈی اے پارلیمانی میٹنگ سے غیر حاضری کی وجہ بتاتے ہوئے طاہر نے کہا کہ ہم تین اراکینِ پارلیمنٹ کا سیاسی موقف مختلف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نہ تو بی جے پی میں ہیں اور نہ ہی این ڈی اے میں، اس لیے ہم نے این ڈی اے کی میٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ لیکن ہم وزیر اعلیٰ سے ہمیشہ بات کریں گے کیونکہ یہ ہمارے ضلع اور ہمارے علاقے کی ترقی سے جڑا معاملہ ہے ۔ این ڈی اے کی میٹنگ سے تین اراکینِ پارلیمنٹ کی غیر موجودگی کے باوجود، این سی پی آئی قیادت نے اس معاملے کو طول نہ دینے کی کوشش کی۔ پارٹی رہنما سدیپ بندوپادھیائے نے کہا کہ اراکینِ پارلیمنٹ کی اپنی کچھ مجبوریاں ہو سکتی ہیں اور پارٹی ان کے موقف کا احترام کرتی ہے نیز پارٹی کے تمام اراکین متحد ہیں۔ میٹنگ میں ایک رکنِ پارلیمنٹ پہلے سے طے شدہ مصروفیت کے باعث شامل نہیں ہو سکے۔
این سی پی آئی کی رکنِ پارلیمنٹ شتابدی رائے نے میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گفتگو مکمل طور پر ترقی سے جڑے مسائل تک ہی محدود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف اپنے علاقے کی ترقی کے بارے میں بات کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہمیں تجاویز پیش کرنے کیلئے کہا ہے۔ این سی پی آئی کے اراکینِ پارلیمنٹ کے باضابطہ طور پر بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے رائے نے کہا، “اس بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ صحافیوں سے بات چیت میں سکھیندو شیکھر رائے نے اس ملاقات کو صرف ایک خیرسگالی ملاقات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خیرسگالی ملاقات تھی۔ ہم بی جے پی میں ہیں، اس لیے میٹنگ میں میری موجودگی کے حوالے سے کوئی مغالطہ نہیں ہونا چاہیے ۔