شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر

   

جامع مسجد فیض امام میں مفتی مستان علی قادری کا خطاب

حیدرآباد۔/7 اپریل، ( راست ) جامع مسجد فیض امام ٹولی چوکی میں منعقدہ جلسہ شب قدر سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد مستان علی قادری نے کہا کہ شب قدر ایک ایسی مقدس رات ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے، اس رات میں فرشتے اور جبرائیلؑ اپنے پروردگار کے حکم سے ہر امر خیر کو لے کر اُترتے ہیں۔ حدیث مبارکہ میں ہے لیلۃ القدر کی مبارک رات میں ایمان و اخلاص کے ساتھ شب بیداری کرکے عبادت کرے اللہ تعالیٰ اس کے سال بھر کے گناہ بخش دیتا ہے۔ شب قدر جیسی رات کو توبہ و استغفار کے ذریعہ خوب اہتمام کریں اور غفلت میں ہرگز نہ گذاریں کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں ’’ جس نے استغفار کو لازم کرلیا تو اللہ تعالیٰ اس کے لئے ہر قسم کے غم اندوہ سے راحت میں رکھے گا ہر تنگی سے نکلنے کی صورت پیدا فرمادے گا اور اس کو ایسی جگہ سے رزق دے گا جہاں سے وہ گمان بھی نہیں رکھتا۔ قرآن مجید کا فیضان ان اصحاب یا افراد پر جاری و ساری رہتا ہے جو متقی و پرہیز گار ہوتے ہیں، جن کا عمل اخلاص کی بنیاد پر قائم رہتا ہے، قرآن مجید ساری دنیا کے افراد کیلئے مشعل راہ ہے جس میں حیات و ممات تک تمام راہیں متعین کردی گئی ہیں۔ قرآن مجید کو سمجھنے کیلئے صاحب قرآن سے محبت لازم و ملزوم ہے۔ مولوی وحید احمد ایڈوکیٹ صدر مسجد ہذا نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم و شکریہ ادا کیا اور جلسہ کی صدارت کی۔ حلقہ ذکر و اجتماعی دعاء پر جلسہ کا اختتام عمل میں لایا گیا۔